فیڈرل بورڈ انٹرمیڈیٹ نتائج:پنجاب کالجز نے5ٹاپ پوزیشنز حاصل کرلیں
عبداللہ اظہر آئی سی ایس پہلی، جہانزیب پری میڈیکل دوسری، ہادیہ ذکریا آئی سی ایس اورآمنہ کی کامرس گروپ میں تیسری پوزیشن دوسری پوزیشن بھی پنجاب کالجز کے محمد جہانزیب کے نام ،پوزیشن ہولڈرز اسی جذبے سے زندگی میں آگے بڑھیں :خالد مقبول
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر، دنیا نیوز)فیڈرل بورڈ نے انٹرمیڈیٹ نتائج 2026 کا اعلان کردیا ۔ پنجاب کالجز نے پانچ ٹاپ پوزیشنز حاصل کرلیں۔ امتحانی نتائج کے مطابق آئی سی ایس (بوائز) میں پنجاب کالجز کے عبداللہ اظہر نے پہلی ،آئی سی ایس (گرلز) میں پنجاب کالجز کی ہادیہ ذکریا نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔پری میڈیکل میں پنجاب کالجز کے محمد جہانزیب نے دوسری جبکہ کامرس گروپ میں آمنہ آصف نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔اوورآل دوسری پوزیشن بھی پنجاب کالجز کے طالب علم محمد جہانزیب نے حاصل کی۔پنجاب کالجز کے پوزیشن ہولڈرز نے ان شاندار نتائج کو ربِ کریم کے کرم، اساتذہ کی کاوشوں، والدین کی دعاؤں اور اپنی محنت کا پھل قرار دیا۔
پارٹ ٹو کا مجموعی نتیجہ 85.95 فیصد جبکہ پارٹ ون میں 65.31 فیصد طلبہ کامیاب رہے ۔ نتائج تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے پوزیشن ہولڈر طلبہ کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہی بچے ملکی ترقی کے ضامن ہیں۔ میڈیکل گروپ میں آرمی پبلک سکول اینڈ کالج فار گرلز 208 ہمایوں روڈ راولپنڈی کینٹ کی طالبہ عمارہ اظہر نے 1079 نمبر حاصل کرکے پہلی،پنجاب کالج آف سائنس بلیو ایریا اسلام آباد کے محمد جہانزیب نے 1078 نمبر حاصل کرکے دوسری جبکہ آرمی پبلک سکول اینڈ کالج گوجرانوالہ کینٹ کی طالبہ سیدہ ایمان فاطمہ نے 1076 نمبر حاصل کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی۔پری انجینئرنگ گروپ میں آرمی پبلک سکول اینڈ کالج فار گرلز پاسبان راولپنڈی کی طالبہ رامین ارجمند نے 1075 نمبر حاصل کرکے پہلی ،آرمی پبلک سکول اینڈ کالج گوجرانوالہ کینٹ کی زینب سمیع نے 1076 نمبر حاصل کرکے دوسری اورکیپس کالج واہ کینٹ کیمپس جی ٹی روڈ، واہ کینٹ کی آنسہ فاطمہ نے 1068 نمبر حاصل کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
سائنس جنرل گروپ میں پنجاب کالج آف سائنس بلیو ایریا اسلام آباد کے عبداللہ اظہر نے 1063 نمبر حاصل کرکے پہلی،ڈیفنس فورسز پبلک سکول اینڈ کالج راولپنڈی کینٹ کے حیان اظہر نے 1059 نمبر حاصل کرکے دوسری اورپنجاب کالج گروپ آف کالجز، ہِل کیمپس، H-11/4، اسلام آباد کی ہادیہ ذکریا نے 1056 نمبر حاصل کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی۔کامرس گروپ میں HCCS ایجوکیشنل سسٹم گرلز کیمپس، ڈھوک مستقیم روڈ راولپنڈی کی اقصیٰ فاروق نے 1051 نمبر حاصل کرکے پہلی ، اسی ادارے کی طالبہ عائزہ افضل نے 1047 نمبر حاصل کرکے دوسری اورپنجاب کالج جناح کیمپس اسلام آباد کی آمنہ آصف نے 1046 نمبر حاصل کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ہیومینٹیز گروپ میں آرمی پبلک ڈگری کالج ملیر کینٹ کراچی کی طالبہ ایمان فاطمہ نے 1007 نمبر حاصل کرکے پہلی ،اسلام آباد ماڈل کالج فار گرلز F-6/2، اسلام آباد کی آمنہ اظہر نے 1003 نمبر حاصل کرکے دوسری جبکہ IMCB H-9، اسلام آباد کے راجہ یحیی بن فاضل اور ایف جی ڈگری کالج عزیز بھٹی روڈ لاہور کینٹ کے عمیر رضا نے 1002، 1002 نمبر حاصل کرکے مشترکہ طور پر تیسری پوزیشن حاصل کی۔
اس موقع پرچیئرمین وفاقی بورڈ نے کہا کہ امتحانی نظام کے ہر مرحلے میں شفافیت کو ترجیح دی گئی ہے ۔ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے پوزیشن ہولڈرز طلبہ پر زور دیا کہ وہ مستقبل میں بھی اسی جذبے ، محنت اور عزم کے ساتھ اپنی تعلیم اور عملی زندگی میں آگے بڑھیں۔ پنجاب کالجز کے طلبا و طالبات نے دنیا کو بتایا کہ ان کی کامیابی میں ان کے اساتذہ کا کلیدی کردار ہے ، دنیا سے بات کرتے ہوئے ڈائر یکٹر پنجاب گروپ آف کالجز چودھری محمد اکرم کا کہنا تھا کہ انہیں خوشی ہے کہ ہمیشہ کی طرح اس سال بھی پنجاب گروپ آف کالجز کے طلبہ نے نمایاں پو زیشنز حاصل کی ہیں،سائنس جنرل گروپ میں سب سے زیادہ نمبر لے کر ٹاپ کرنے والی طالبہ بھی پنجاب گروپ آف کالجز سے ہیں، ان تمام طلبہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جنہوں نے نمایاں پو زیشنز حاصل کیں، ڈائر یکٹر کالجز کا کہنا تھا کہ بچوں کی محنت کے ساتھ ساتھ والدین کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں جو پنجاب کالجز پر اعتماد کرتے آ رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ پنجاب کالجز کا انتہائی مضبوط تعلیمی نظام ہی اس کی کامیابی کا ضامن ہے جس میں اساتذہ کی بھرپور لگن اور طلبا کی محنت کا عمل دخل ہر وقت دکھائی دیتا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments