عوامی اعتماد کیلئے ماتحت عدلیہ کے ججز کو بااختیار بنایا جائیگا : یحیی آفریدی

عوامی اعتماد کیلئے ماتحت عدلیہ کے ججز کو بااختیار بنایا جائیگا : یحیی آفریدی

عدالتی نظام میں اصلاحات کیلئے زمینی حقائق کو سمجھنا ضروری ،ججز کو بیرونی دباؤ سے آزاد رکھنے کیلئے ضابطہ اخلاق تبدیل کیا عوامی اعتمادوراثت میں نہیں دیانتداری سے ملتا ہے ،جامع نظامِ انصاف کیلئے عدلیہ کی ضروریات پوری کی جائیں گی:خطاب

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ،آئی این پی)چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحیی آفریدی نے کہا ہے کہ انصاف کی بروقت فراہمی وقت کی اہم ضرورت ہے ، تمام ادارے اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کریں جبکہ ججز کو بیرونی دباؤ سے آزاد رکھنے کیلئے ضابطہ اخلاق میں تبدیلی کی گئی ہے، عوامی اعتماد وراثت میں نہیں ملتا بلکہ دیانت داری سے حاصل ہوتا ہے۔ ماتحت عدلیہ نظامِ انصاف میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور شہریوں کیلئے انصاف کا پہلا باضابطہ فورم ہے، ماتحت عدلیہ کے ججز مشکلات کے باوجود اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں اور انہیں عوام کے اعتماد کیلئے بااختیار بنایا جائے گا۔

عدالتی نظام میں اصلاحات کیلئے زمینی حقائق کو سمجھنا ضروری ہے، ماضی میں ضلعی عدلیہ اور پالیسی ساز اداروں کے درمیان رابطے کا فقدان رہا ہے، رول آف لا کے تحت عدالتوں کی رینکنگ سے متعلق تمام تفصیلات فراہم کی جائیں گی۔عدالتی نظام میں اصلاحات اور عوام کو فوری انصاف کی فراہمی کے حوالے سے قومی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس نے کہا کہ ضلعی عدالتوں اور ہائیکورٹس کے درمیان رابطہ کاری مزید مضبوط کرنا ہوگی، نوجوان ججز بھی بہترین انداز میں انصاف کی فراہمی یقینی بنائیں۔ ملک بھر میں جامع نظامِ انصاف کیلئے عدلیہ کی ضروریات پوری کی جائیں گی اور تمام متعلقہ افراد ایمانداری سے اپنے فرائض انجام دیں۔

چیف جسٹس نے بتایا کہ عدالتوں کو سولر نظام پر منتقل کیا جا رہا ہے ، انٹرنیٹ کی بہترین سہولت اور ای لائبریریاں فراہم کرنے پر بھی کام جاری ہے ۔ صوبائی حکومتوں کے تعاون پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ بلوچستان کے 18 اضلاع میں سولر، پانی اور انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کی جا چکی ہے جبکہ باقی اضلاع میں ایک ماہ کے اندر یہ سہولیات فراہم کر دی جائیں گی۔عدالتی افسروں کی سہولیات اور شرائطِ ملازمت میں ہم آہنگی کیلئے کمیٹی بھی قائم کی گئی ہے۔

چیف جسٹس نے انصاف کی فراہمی کی راہ میں جان کا نذرانہ پیش کرنے والے ججز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ماتحت عدلیہ پر فخر ہے ، ملک بھر کے جوڈیشل افسروں کو ہیلتھ انشورنس کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ججز کو بیرونی دباؤ سے آزاد رکھنے کیلئے پوری عدلیہ ان کے ساتھ ہے ۔انہوں نے خطاب کے دوران حاضرین کو تالیاں بجانے سے روکتے ہوئے کہا کہ اس چھت کے نیچے ہم سب ججز ہیں، ہمیں ججز کی طرح پیش آنا چاہئے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...