موبائل ٹیرف میں3کے بجائے15فیصد اضافہ،58.6 ارب روپے وصولی:پی ٹی اے سے ریکارڈ طلب
فیڈرل آڈٹ کے پی ٹی اے کی اضافے کی پالیسی پر سوالات، سینیٹ کمیٹی کا اظہار تشویش، ڈائریکٹر فنانس اور ڈپٹی ڈائریکٹر طلب سٹار لنک کی درخواست زیر التوا نہیں:اتھارٹی، پاک ڈیٹا کام سروسز غیر ملکی سیٹلائٹ پر منتقلی پر قومی سلامتی خدشات کا اظہار کیا گیا
اسلام آباد (نیوز رپورٹر )سینیٹ قائمہ کمیٹی انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن نے موبائل فون ٹیرف میں اضافے ، آڈٹ اعتراضات پر تفصیلی جواب طلب کر لیا اور انٹرنیٹ میں تعطل ، جاز موبائل پیکیجز کے ٹیرف میں 15فیصد اضافے سے 6.58 ارب روپے کی مبینہ اضافی وصولی کے آڈٹ اعتراض پر تشویش کا اظہار کیا۔ چیئرپرسن پلوشہ محمد زئی کی زیر صدارت اجلاس کو ڈائریکٹر جنرل آڈٹ نے بریفنگ میں بتایا کہ ابتدائی طور پر ٹیرف میں صرف 3فیصد اضافے کی تجویز تھی منظوری 15فیصد کی دی گئی۔ فیڈرل آڈٹ نے پی ٹی اے کی پالیسی پر سوالات اٹھائے جس کے تحت ٹیلیکام آپریٹرز کو 15 فیصد تک ٹیرف بڑھانے کی اجازت دی گئی ۔ پی ٹی اے نے کہا رقم تقریباً 920 ملین روپے بنتی ہے ۔ چیئرپرسن نے تمام ریکارڈ پیش کرنے اور ڈائریکٹر فنانس و ڈپٹی ڈائریکٹر کو اگلے اجلاس میں حاضر ہونے کی ہدایت کی۔ سینیٹر سعدیہ عباسی نے انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی اور ٹیلیکام ٹاورز سے ڈیزل چوری پر ذیلی کمیٹی کی رپورٹ پیش کی جو منظور کر لی گئی۔ چیئرمین پی ٹی اے نے کہا یو فون اور ٹیلی نار کے انضمام اور 5G سروسز کے اجرا کے باعث مشکلات ہیں جو اکتوبر تک حل کر لی جائیں گی۔ پی ٹی سی ایل نجکاری پر اتصالات کے واجب الادا 800 ملین ڈالر کے معاملے پر سیکرٹری آئی ٹی نے کہا کہ معاہدے میں راز داری شق کی وجہ سے تفصیلات شیئر نہیں کی جا سکتیں۔ پاک ڈیٹا کام کی سیٹلائٹ سروسز غیر ملکی سیٹلائٹ پر منتقلی پر قومی سلامتی کے خدشات ظاہر کیے گئے ۔ کمیٹی نے ہدایت کی کہ این آئی ٹی ایس بی و متعلقہ فورمز سے آڈٹ کرایا جائے ۔سٹار لنک لائسنس کے حوالے سے پی ٹی اے نے کہا ادارے کے پاس کوئی درخواست زیر التوا نہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments