وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سمیت پی ٹی آئی کے 24 ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کے پاسپورٹ بلاک کرنے کا حکم
اسلام آباد: (دنیا نیوز) انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی سمیت پی ٹی آئی کے 24 ایم این ایز اور ایم پی ایز کے پاسپورٹ بلاک کرنے کا حکم دے دیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے پاسپورٹ بلاک کرنے کا فیصلہ جاری کردیا، پولیس کی جانب سے تھانہ کوہسار کے مقدمہ میں پاسپورٹ بلاک کرنے کی استدعا کی گئی تھی۔
عدالت نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کا پاسپورٹ بلاک کرنے کا حکم جاری کردیا، ساتھ ہی اسد قیصر، شہرام ترکئی، شاہ احد، شیر علی ارباب، محمد اقبال آفریدی، ڈاکٹر امجد علی، جنید اکبر، شاہد خٹک، زبیر وزیر کے پاسپورٹ بلاک کرنے کا حکم دیا ہے۔
انسداد دہشت گردی عدالت نے عمر ایوب، ارشد عمر زئی، زر عالم، میاں عمر، اختر خان، ہمایوں خان، ریاض خان، عبدالکبیر خان، طفیل انجم، آصف محسود، عجب گل، محمد عثمان، بابر سلیم سواتی، عرفان سلیم، ایڈووکیٹ علی زمان اور ملک شہاب کے پاسپورٹ بلاک کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔
عدالت نے قرار دیا کہ دستیاب ریکارڈ کے مطابق ملزمان اس مقدمے میں نامزد ہیں، تفتیشی افسر کے مطابق ملزمان قانونی عمل سے بچنے کیلئے ملک سے فرار ہو سکتے ہیں۔
انسداد دہشت گردی عدالت نے کہا کہ ملزمان پر ریاستی اداروں پر حملے اور دہشت گردی کے فروغ جیسے سنگین الزامات ہیں، ملزمان عدالت کے روبرو پیش ہونے میں بھی ناکام رہے۔
عدالت نے کہا کہ جن ملزمان نے عبوری ضمانت حاصل کی وہ بھی مقدمے میں شامل تفتیش نہیں ہوئے، تفتیشی افسر کی ملزمان کے پاسپورٹ بلاک کرنے کی درخواست منظور کی جاتی ہے۔
عدالت نے ایف آئی اے کو ہدایت دی کہ وہ اگلے احکامات تک ملزمان کے پاسپورٹ بلاک کردے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments