اپوزیشن کا عبوری اتحاد ،ایم آرڈی طرز پرمتفقہ قائد کیلئے رابطے

اپوزیشن کا عبوری اتحاد ،ایم آرڈی طرز پرمتفقہ قائد کیلئے رابطے

احتجاجی سرگرمیوں، لانگ مارچ اور دیگر معاملات پر کام جاری،اے پی سی کاانتظار

اسلام آباد(سہیل خان)اے آر ڈی، ایم آر ڈی کی طرز پر موجودہ متحدہ حزب اختلاف کے لیے متفقہ قائد کی نامزدگی کے لیے اپوزیشن جماعتوں نے رابطے شروع کر دئیے ۔ ماضی کے اپوزیشن اتحادوں کی طرح موجودہ متحدہ حزب اختلاف کا قائد پارلیمنٹ آ سکتا ہے، اس حوالے سے عندیہ دے دیا گیا ہے ۔ماضی میں پاکستان میں حکومت کے خلاف احتجاجی تحریکوں کے لیے اپوزیشن کے اتحاد بنتے رہے ہیں اور زیادہ وقت نوابزادہ نصر اللہ خان مرحوم ان کے قائد یا سربراہ رہے جو پل کا کردار بھی ادا کرتے تھے ۔ اب پاکستان میں متحدہ حزب اختلاف کے مشترکہ ایجنڈے پر مشاورت جاری ہے ، عبوری طور پر اپوزیشن جماعتوں کے درمیان پارلیمنٹ کے اندر اور باہر اتحاد ہو گیا ہے ۔

اتحاد کو وسیع کرنے کے لیے احتجاجی سرگرمیوں، لانگ مارچ اور دیگر معاملات پر کام جاری ہے جبکہ پارلیمنٹ کے باہر لانگ مارچ، احتجاجی تحریک یا جلسے جلوسوں کے لیے ضروری ہو گیا ہے کہ متحدہ حزب اختلاف کا کوئی قائد بھی ہو۔ ماضی میں اپوزیشن لیڈرز کی موجودگی میں اپوزیشن اتحاد کا الگ قائد ہوتا تھا۔دنیا سے گفتگو کرتے ہوئے جے یو آئی کے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا کہ پہلے کل جماعتی کانفرنس (اے پی سی) کو ہو لینے دیں، جے یو آئی اب بھی اس کی میزبانی کے لیے تیار ہے ۔ مولانا فضل الرحمن نے اس کی میزبانی کی پیشکش بھی کی تھی تاہم یہ روایت رہی ہے کہ اس طرح کی کانفرنس اپوزیشن لیڈر طلب کرتے ہیں لہٰذا جے یو آئی انتظار میں ہے ۔انہوں نے اس بات کا اعتراف کیا کہ اے پی سی میں تاخیر ہو گئی ہے اور معاملہ بہت طول پکڑ گیا ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ماضی میں جب اپوزیشن کا اتحاد ہوتا تھا تو اس کا ایک سربراہ یا قائد ہوتا تھا، نوابزادہ نصر اللہ خان کا بھی حوالہ دیا گیا۔ اپوزیشن جماعتوں کو مکمل طور پر متحد تو ہونے دیں، سب مسئلے حل کر لیں گے ۔ان سے پوچھا گیا کہ پی ٹی آئی، پیپلز پارٹی اور اتحادی جماعتوں کو اے پی سی میں بلانا چاہتی ہے جس پر انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے کس کو مدعو کرتے ہیں، وقت آنے پر پتہ چل جائے گا۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...