داسو ٹرانسمیشن لائن میں تاخیر پرسینیٹ کمیٹی کا نوٹس،رپورٹس طلب
این-45 کلکٹک، چترال سیکشن پر یکم دسمبر 2026ء تک کام شروع کرنیکی ہدایت 47 کلومیٹر طویل کلکٹک، چترال سیکشن کیلئے ٹھیکیدار 3 ماہ میں متحرک ہوگا:این ایچ اے حکام غیر ملکی معاونت والے منصوبوں میں احتساب،بروقت عمل یقینی بنایا جائے ،کمیٹی چیئرمین
اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے ) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اقتصادی امور نے 765کے وی دا سو، اسلام آباد ٹرانسمیشن لائن منصوبے میں تاخیر اور مبینہ بے ضابطگیوں پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹس اور دستاویزات طلب کر لیں جبکہ این-45 کلکٹک، چترال سیکشن پر یکم دسمبر 2026ء تک عملی کام شروع کرنے کی ہدایت کردی۔کمیٹی چیئرمین نے زور دیا کہ غیر ملکی مالی معاونت سے چلنے والے تمام ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت، احتساب اور بروقت عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔ کمیٹی کا اجلاس سینیٹر سیف اللہ ابڑو کی زیرصدارت پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ہوا جس میں بجلی اور مواصلات کے شعبوں میں غیر ملکی مالی معاونت سے جاری منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔کمیٹی کو بتایا گیا کہ 765 کے وی داسو، اسلام آباد ٹرانسمیشن لائن منصوبہ جون 2028ء تک مکمل ہونا ہے تاہم ڈیزائن، مٹی کی جانچ، سروے اور دیگر تکنیکی مراحل میں تاخیر ہوئی ہے ۔ کمیٹی نے خبردار کیا کہ مزید تاخیر سے قومی خزانے کے وسائل ضائع ہونے کا خدشہ ہے اور نیشنل گرڈ کمپنی (این جی سی) کو تمام تکنیکی اور معاہداتی مراحل بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ این-45 چکدرہ، ٹمِرگرہ سیکشن کے حوالے سے این ایچ اے حکام نے بتایا کہ 38.85 کلومیٹر طویل سیکشن کے لیے کنسلٹنسی کا معاہدہ ہوچکا ہے جبکہ 17.012 ارب روپے مالیت کا پی سی ون 31 مارچ 2026ء کو منظوری کے لیے وزارت منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات کو بھجوایا گیا تھا تاہم تقریباً چھ ماہ گزرنے کے باوجود منظوری نہیں مل سکی۔ کمیٹی نے تاخیر پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فنانسنگ ایجنسی کے اعتراضات دور کرنے اور معاملہ جلد حل کرنے کی ہدایت کی جبکہ پی سی ون، متعلقہ دستاویزات، خط و کتابت اور بے ضابطگیوں سے متعلق رپورٹس طلب کرلیں۔این-45 کلکٹک، چترال سیکشن کی ٹینڈرنگ پر کمیٹی نے بریفنگ میں غلط مؤقف درج ہونے پر برہمی کا اظہار کیا۔ حکام نے یقین دہانی کرائی کہ 47.98 کلومیٹر طویل کلکٹک، چترال سیکشن کے لیے ٹھیکیدار کو تین ماہ کے اندر سائٹ پر متحرک کردیا جائے گا۔ کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ مذکورہ سیکشن پر یکم دسمبر 2026ء تک کام شروع کردیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments