کسانوں میں 35ہزار ٹریکٹرز تقسیم ،مریم نواز کی چوتھے مرحلے کیلئے قرعہ اندازی
وزیراعلیٰ کی کامیاب امیدواروں کو مبارکباد، پہلا ٹریکٹر اٹک کے مسعود خان کا نکلا، فیز فائیو ایپلی کیشن پورٹل کی لانچنگ پاکستانی حرمین شریفین کی حفاظت سعادت سمجھتے ، مکہ معاہدہ سے خوش ہیں:مریم، سعودی عرب کے قومی دن پر مبارکباد
لاہور (نیوز ایجنسیاں)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے گرین ٹریکٹر پروگرام فیز فور کی ڈیجیٹل قرعہ اندازی کردی جبکہ فیز فائیو کے ایپلی کیشن پورٹل کا بھی افتتاح کردیا۔ وزیراعلیٰ نے بٹن دبا کر قرعہ اندازی کی، پہلا ٹریکٹر اٹک کے مسعود خان ولد لال خان کا نکلا۔ انہوں نے قرعہ اندازی میں کامیاب امیدواروں کو مبارکباددی اورکہا پنجاب کی تاریخ میں گزشتہ 20 سال کے دوران کسانوں کو 10 ہزار ٹریکٹر دیئے گئے جبکہ انکے اڑھائی سالہ دور میں 35 ہزار ٹریکٹرز تقسیم کیے گئے ۔ گزشتہ 20 سال میں ایگریکلچر میکانائزیشن پر 3 ارب خرچ ہوئے جبکہ انکی حکومت نے اڑھائی سال میں 20 ارب خرچ کیے ۔ پنجاب میں پہلی مرتبہ 90 ہارس پاور کے ٹریکٹرز کی مینوفیکچرنگ جبکہ 100 ہارس پاور ٹریکٹرز کی اسمبلنگ شروع ہوئی ۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ رواں مالی سال کاشتکاروں کو 2 فیز میں 19 ہزار 500 گرین ٹریکٹر دیئے جائینگے ۔ فیز فور میں 50 سے 65 ہارس پاور کے 10 ہزار ٹریکٹرز دیئے جائینگے ، جن پر حکومت پنجاب ساڑھے 7 لاکھ فی ٹریکٹر سبسڈی دے گی۔ فیز فائیو میں 75 سے 125 ہارس پاور کے 9 ہزار 500 ہائی پاور ٹریکٹرز فراہم کئے جائینگے اور ہر ٹریکٹر پر 10 لاکھ روپے سبسڈی دی جائیگی۔گرین ٹریکٹر سکیم کیلئے 5 ایکڑ یا اس سے زائد زرعی اراضی رکھنے والے کاشتکار درخواست دینے کے اہل ہیں۔
مقامی طور پر تیار کردہ 5 اقسام کے ٹریکٹر سکیم میں شامل ہیں جبکہ ہر ضلع کا کوٹہ کاشت شدہ اراضی کے تناسب سے مقرر کیا گیا ہے ۔ پروگرام کیلئے 2 لاکھ 13 ہزار 637 سے زائد کسانوں نے درخواستیں دیں، پی ایل آر اے اور نادرا سے تصدیق کے بعد ایک لاکھ 28 ہزار 757 اہل کاشتکار قرعہ اندازی میں شامل کئے گئے ۔مریم نواز نے گرین ٹریکٹر سکیم کے ٹریکٹرز کا معائنہ بھی کیا اور مقامی طور پر تیار کردہ 90 ہارس پاور اور مقامی طور پر اسمبل شدہ 100 ہارس پاور ٹریکٹرز دیکھے ۔دریں اثنا وزیراعلیٰ مریم نواز نے سعودی عرب کے قومی دن پر سعودی قیادت اور عوام کو مبارکباد دیتے کہا پاکستان اور سعودی عرب کے عوام مکہ معاہدے سے بہت خوش ہیں۔ پاکستان الحرمین و شریفین کی حفاظت کو اپنی سعادت سمجھتا ہے ، مکہ معاہدہ خطے میں امن و استحکام کی جانب اہم قدم ہے ۔ اللہ تعالیٰ پاکستان اور سعودی عرب کا بھائی چارہ ہمیشہ قائم رکھے ۔دوسری جانب وزیراعلیٰ سے ٹریفک وارڈن سہیل وزیر ڈوگر نے ملاقات کی جس نے ٹمبر مارکیٹ سے راوی پل کی طرف پٹرولنگ کے دوران ملنے والا لاوارث بیگ اسکے مالک بیگم کوٹ کے رہائشی زین العابدین کو تلاش کرکے بحفاظت پہنچایا۔ مریم نواز نے وارڈن کی ایمانداری اور فرض شناسی کو سراہتے ہوئے شاباش دی اور کہا اگر ہر پاکستانی ایمانداری اور دیانتداری کا رویہ اپنالے تو ملک بہت آگے جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments