بھاشا ڈیم کی تعمیر کیلئے گینی سے پوزولان میٹریل کی منتقلی شروع

 بھاشا ڈیم کی تعمیر کیلئے گینی سے پوزولان میٹریل کی منتقلی شروع

پراسیسنگ کے بعد ڈیم کے رولر کمپیکٹڈ کنکریٹ کے کام میں استعمال کیا جائیگا عمائدین اور علمائے کرام کامنصوبے کی تکمیل میں بھرپور تعاون کے عزم کا اعادہ

لاہور (اپنے کامرس رپورٹر سے )دیامر بھاشا ڈیم منصوبے پر مین ڈیم کی تعمیر کیلئے ایک اور اہم ہدف حاصل کر لیا گیا۔ دیامر کے علاقے گینی سے مین ڈیم کی تعمیر میں استعمال ہونے والے بنیادی اور اہم پوزولان میٹریل کو نکالنے اور تعمیراتی مقام تک منتقل کرنے کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے ۔ گینی سے حاصل ہونے والے پوزولان میٹریل کو پراسیسنگ کے بعد مین ڈیم کے رولر کمپیکٹڈ کنکریٹ کے کام میں استعمال کیا جائے گا۔ منصوبے کے مین ڈیم کیلئے رولر کمپیکٹڈ کنکریٹ بچھانے کا عمل بھی جلد شروع کیا جائے گا۔گینی سے پوزولان میٹریل نکالنے اور مطلوبہ مقام تک منتقل کرنے کا عمل چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل محمد سعید (ر) اور چیف سیکریٹری گلگت بلتستان ارشد مجید مہمند کی ہدایات پر شروع کیا گیا۔

ان ہدایات کی روشنی میں دیامر بھاشا ڈیم منصوبے کی انتظامیہ اور ضلعی انتظامیہ نے اس اہم کام کے آغاز کیلئے تمام ضروری انتظامات مکمل کیے ۔کمشنر دیامر استور ڈویژن عظیم اللہ، چیف ایگزیکٹو آفیسر دیامر بھاشا ڈویلپمنٹ کمپنی انجینئر ڈاکٹر نزاکت حسین اور پراجیکٹ ڈائریکٹر دیامر بھاشا ڈیم انجینئر عارف علی نے واپڈا اور ضلعی انتظامیہ کے سینئر افسران کے ہمراہ گینی کا دورہ کیا اور پوزولان میٹریل نکالنے اور اس کی منتقلی کے عمل کا جائزہ لیا۔ مقامی عمائدین اور علمائے کرام نے دیامر بھاشا ڈیم کو علاقے کی سماجی اور معاشی ترقی کیلئے اہم منصوبہ قرار دیتے ہوئے منصوبے کی تکمیل میں بھرپور تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...