آفریدی پہلے انتظامی طور پر فارغ، اب سیاسی نااہل ثابت : عطا تارڑ

 آفریدی پہلے انتظامی طور پر فارغ، اب سیاسی نااہل ثابت : عطا تارڑ

پی ٹی آئی نے بھاگنا ہی تھا تو پھر اعلانات کیوں کئے گئے تھے :اختیار ولی، پریس کانفرنس

 اسلام آباد(دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پختونخوا سہیل آفریدی تحریک انصاف میں اپنی ساکھ کھو چکے، وہ پہلے انتظامی طور پر تو فارغ تھے ہی اب ان کی بزدلی اور سیاسی نااہلی بھی ثابت ہو چکی،انتظامی ناکامی کے بعد اب سہیل آفریدی کے پلے کچھ نہیں آرہا، پی ٹی آئی کا دہشتگردوں کے ساتھ گٹھ جوڑ ہے اور دہشت گردی کے حوالے سے ان کی پالیسی بزدلانہ ہے۔ اسلام آباد میں وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر اختیار ولی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سہیل آفریدی انتظامی سطح پر فارغ تھے اب سیاسی طور پر بھی فارغ ہیں، پی ٹی آئی کی لانگ مارچ کی کوئی تیاری ہی نہیں تھی، 27 ستمبر کا لانگ مارچ ‘‘کھودا پہاڑ نکلا چوہا’’ ثابت ہوا ،27ستمبر کے مارچ کی تاریخ انہوں نے ہی دی تھی، ‘‘ہمت ہے تو آجاؤ’’کہنے پر پختونخوا حکومت کو آگ لگ گئی، اب پانچ اکتوبر کی تاریخ دے دیں، کوئی فرق نہیں پڑتا، پی ٹی آئی اتنی کمزور کبھی بھی نہیں تھی جتنی اب ہو چکی، پولیس اور سکیورٹی فورسز دہشتگردی کے خلاف قربانیاں دے رہے ہیں۔

عطا تارڑ نے کہا کہ یواین جنرل اسمبلی میں وزیراعظم نے پوری امت مسلمہ کا مقدمہ لڑا، فلسطینی نمائندوں نے دل کھول کر وزیراعظم کی تقریر کو داد دی ، پاکستانی قوم فلسطینیوں کے ساتھ جڑی ہوئی ہے ،پوری دنیا میں وزیر اعظم شہباز شریف کی تقریر کو سراہا گیا، وزیر اعظم نے واضح الفاظ میں کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں بھارت کو منہ توڑ جواب دیا گیا۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ امریکی صدر نے وزیراعظم کی تقریر کا کلپ سوشل میڈیا پر شیئر کیا، دنیا دیکھ رہی ہے پاکستان امریکا، ایران کے درمیان ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے ، جلد تیل کی قیمتیں نیچے آئیں گی اور دنیا کی معیشتیں ترقی کریں گی۔ اختیار ولی نے کہا کہ پی ٹی آئی نے بھاگنا ہی تھا تو پھر اعلانات کیوں کئے گئے تھے، سہیل آفریدی پہلے کہتے تھے جب تک بانی پی ٹی آئی نہیں کہیں گے، مارچ ملتوی نہیں ہوگا، لیکن اب وہ اپنے کارکنوں سے جھوٹ بول رہے ہیں، 27 ستمبر کیلئے ٹرانسپورٹرز کے ساتھ کوئی رابطہ نہیں کیا گیا تھا، عاطف خان، شہرام ترکئی نے خود کہا کال دینے والے غائب ہو جاتے ہیں۔اختیار ولی خان نے کہا کہ سہیل آفریدی کو احتجاج کے ‘‘چیمپئن’’ کے طور پر سامنے لایا گیا تھا تاہم لانگ مارچ سے متعلق ان کا اعلان محض میڈیا اسٹنٹ تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...