ٹیکس واجبات کے حتمی تعین سے قبل منی لانڈرنگ کی تحقیقات ہوسکتی ہیں : لاہور ہائیکورٹ

ٹیکس واجبات کے حتمی تعین سے قبل منی لانڈرنگ کی تحقیقات ہوسکتی ہیں : لاہور ہائیکورٹ

صرف اس بنیاد پر تحقیقات نہیں روکی جا سکتیں کہ متعلقہ ٹیکس اتھارٹی نے ابھی ٹیکس واجبات کا حتمی تعین نہیں کیا 2رکنی بینچ نے منی لانڈرنگ کی ایف آئی آرز اور تحقیقات ختم کرنے کیلئے دائر 19 آئینی درخواستیں خارج کردیں

لاہور (کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ نے منی لانڈرنگ سے متعلق اہم فیصلہ جاری کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ ٹیکس واجبات کے حتمی تعین سے پہلے بھی منی لانڈرنگ کی تحقیقات شروع کی جاسکتی ہیں، ٹیکس اسیسمنٹ کا حتمی فیصلہ منی لانڈرنگ کی تحقیقات شروع کرنے کی لازمی پیشگی شرط نہیں ، عدالت نے ٹیکس کارروائی مکمل ہونے تک فوجداری کارروائی روکنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے منی لانڈرنگ کی ایف آئی آرز اور تحقیقات ختم کرنے کیلئے دائر 19 آئینی درخواستیں خارج کر دیں۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس حسن نواز مخدوم اور جسٹس خالد اسحاق پر مشتمل دو رکنی بینچ نے درخواستوں پر سماعت کی ۔جسٹس خالد اسحاق نے 31صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے کہاکہ انکم ٹیکس ٹیکس واجبات کا تعین اور منی لانڈرنگ کی تحقیقات دو مختلف قانونی معاملات ہیں، اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت منی لانڈرنگ ایک الگ جرم ہے ، اس لیے صرف اس بنیاد پر تحقیقات کو نہیں روکا جاسکتا کہ متعلقہ ٹیکس اتھارٹی نے ابھی ٹیکس واجبات کا حتمی تعین نہیں کیا، ٹیکس قوانین میں اسیسمنٹ، اپیل اور ریکوری کا اپنا مکمل طریقہ کار موجود جبکہ منی لانڈرنگ کے معاملے میں فوجداری قانون کے تحت الگ کارروائی ہوسکتی ہے۔

پراسیکیوشن کو شواہد کے ذریعے ثابت کرنا ہوگا کہ متعلقہ رقم یا جائیداد مجرمانہ ذریعے سے حاصل ہوئی اور ملزم کو اس غیر قانونی ذریعے کا علم تھا، حتمی طور پر الزامات ثابت ہوئے یا نہیں اس کا فیصلہ شواہد کی بنیاد پر مجاز عدالت کرے گی ، عدالت نے واضح کیا کہ ایک کارروائی کو دوسری کارروائی کی تکمیل سے مشروط نہیں کیا جاسکتا،تفتیش کے مرحلے پر صرف الزامات کی بنیاد پر حتمی جرم ثابت نہیں سمجھا جاسکتا۔ عدالت نے ان قانونی نکات کی بنیاد پر منی لانڈرنگ کی ایف آئی آرز اور تفتیش ختم کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے تمام 19 آئینی درخواستیں خارج کر دیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...