حکومت تحریک انصاف کا مسئلہ سنجیدہ مذاکرات سے حل کرے :حافظ نعیم

حکومت تحریک انصاف کا مسئلہ سنجیدہ مذاکرات سے حل کرے :حافظ نعیم

ان کاکوئی مطالبہ ناجائزنہیں،خواتین سمیت تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے ،گورنر راج حکومت کے گلے پڑجائے گا پٹرول لیوی ختم کرنا ہوگی،بلاول کراچی میں جعلی میئر شپ،فارم 47 والی نشستوں سے دستبردار ہوں:پریس کانفرنس

کراچی(سٹاف رپورٹر،نیوز ایجنسیاں)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہاہے کہ ہماری امن پسندی کو ہماری  کمزوری نہ سمجھا جائے ، ہم کسی بھی صورت عوام کے حق سے دستبردار نہیں ہوں گے ، احتجاج نہ کرتے تو پٹرول 500 روپے لٹر ہو چکا ہوتا ، پٹرول لیوی بھتہ ٹیکس ختم کرنا ہوگا،ہم کسی بھی سیاسی جماعت کے آئین وقانون کے مطابق احتجاج کو مکمل طور پر سپورٹ کرتے ہیں ،حکومت تحریک انصاف کا مسئلہ سنجیدہ مذاکرات سے حل کرے ،ان کاکوئی مطالبہ ناجائزنہیں،9مئی مقدمات کے خواتین سمیت تمام سیاسی قیدی رہا کئے جائیں،پختونخوا میں گورنر راج حکومت کے گلے پڑجائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول زرداری اگر واقعی اسٹیبلشمنٹ کے انتخابی نظام کے خلاف ہیں تو کراچی میں جعلی میئر شپ اورقومی و صوبائی اسمبلی کی فارم 47کی بنیاد پر ملنے والی نشستوں سے دستبردار ہوجائیں، ملک کے موجودہ حالات، افراتفری میں عوام کے اصل ایشوز نظرانداز ہورہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ خواتین سمیت تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے ، ڈاکٹر یاسمین راشد،اعجاز چودھری،شاہ محمود قریشی، محمود رشید جیسے افراد کی صحت خراب ہے اور ان کو جیلوں میں رکھنا کسی طرح درست نہیں ،پی ٹی آئی کے مطالبات واضح ہیں جن میں عمران خان تک رسائی ہونی چاہیے ، ہسپتال کی سہولتوں ملنی اور ملاقاتیں ہونی چاہئیں، کوئی مطالبہ بھی ناجائز نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کی دہشت گردی پورے عالمی معاشی نظام پر ہورہی ہے ، جس آئی ایم ایف کا پہاڑا پڑھتے ہمارے حکمران تھکتے نہیں اس کے پروگرام میں کہیں نہیں لکھا کہ پاکستانی حکومت لیوی کو لازمی وصول کرے گی۔ امیر جماعت اسلامی نے مزیدکہا 13 سو ارب روپے کی کرپشن ایف بی آر نے کی ، حکمران جماعتوں میں مافیاز کا راج ہے جو ایک دوسرے کے مفادات کا تحفظ کرتے ہیں، ہمارے ملک میں لوگوں کو مختلف ناموں،خاندانوں،شخصیات کے پیچھے لگاکر اصل ایشوز سے ہٹا دیا جاتا ہے ۔ وزرا ء اعداد و شمار کا گورکھ دھندا پیش کر رہے ہوتے ہیں، وہ بتا رہے ہوتے ہیں کہ پیسے نہیں ہیں، اگر پیسے نہیں ہیں تو مریم نواز نے 11 ارب روپے کا جہاز کیوں لیا؟، آصف زرداری 36 گاڑیاں لے کر نوابشاہ جاتے ہیں۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...