خیبرپختونخوا:ٹریفک پولیس کے 3اہلکار شہید، 4دہشتگرد ہلاک:بلوچستان میں تھانہ،ریلوے ٹریک اڑا دیا

خیبرپختونخوا:ٹریفک پولیس کے 3اہلکار شہید، 4دہشتگرد ہلاک:بلوچستان میں تھانہ،ریلوے ٹریک اڑا دیا

ٹانک میں کانسٹیبل گل امین، سلیم، ادریس نے شہادت پائی، اے ایس آئی ،2راہگیر زخمی،موبائل گرہ بڈھا سے برآمد 4خارجی ڈی آئی خان میں مارے گئے ،دھماکے کے وقت تھانہ کٹھن خالی تھا،ڈیرہ مراد جمالی میں ٹرین بال بال بچی

اسلام آباد،ٹانک(خصوصی نیوز رپورٹر،دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں ضلع ٹانک کے وزیر آباد بازار میں دہشت گردوں نے ٹریفک پولیس کی موبائل وین پر حملہ کر دیا جس سے 3 اہلکار شہید اور دو راہگیر زخمی ہو گئے ۔شہید ہونے والے ٹریفک پولیس کے اہلکاروںکانسٹیبل گل امین، کانسٹیبل سلیم شاہ اور کانسٹیبل پیر ادریس کی لاشیں ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردی گئیں۔فائرنگ کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ، پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ڈی پی او عبدالصمد خان کے مطابق دہشت گرد ٹریفک پولیس موبائل بھی لے گئے تھے جسے بعدازاں گرہ بڈھا سے برآمد کیا گیا، ملزموں کی گرفتاری کیلئے تمام شاہراہوں اور پیدل راستوں کی ناکہ بندی کردی گئی ہے ۔ڈی پی او کے مطابق مسلح ملزموں کی فائرنگ سے اے ایس آئی عصمت اللہ زخمی ہوئے جنہیں فوری طبی امداد کیلئے ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج کے 4 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا ،مارے جانے والے دہشتگردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود اور افغانی کرنسی بھی برآمد ہوئی۔ دوسری جانب بلوچستا ن میں ضلع کچھی بولان میں کٹھن پولیس تھانے کو نامعلوم مسلح افراد نے دھماکا خیز مواد سے تباہ کر دیا ، تھانے کی عمارت مکمل طور پر زمین بوس ہو گئی ،تھانہ کٹھن کو تین ماہ قبل خالی کر دیا گیا تھا ،دھماکا کے وقت تھانے میں کوئی اہلکار، شہری موجود تھا نہ ہی کوئی سرکاری ریکارڈ اور دستاویزات تھیں ،واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے لیا ۔ڈیرہ مراد جمالی کے قریب منگولی پولیس تھانے کی حدود گلاب لاڑو کے مقام پر دہشت گردوں نے ریلوے ٹریک کو دھماکا خیز مواد سے اڑادیا ،واقعہ میں تین سے چار فٹ پٹڑی تباہ ہوئی ،دھماکا سے قبل کوئٹہ سے اندرون ملک جانے والی مسافر ٹرین بال بال بچ گئی۔ علاقے کا گھیراؤکرکے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا جبکہ کوئٹہ جانے وا لی ٹرینیں سندھ کے علاقوں میں روک دی گئیں ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...