پختونخوا حکومت اس حد تک نہ جائے کہ گورنر راج لگانا پڑے ، گورنر
صوبہ میں دہشتگردی ،کرپشن،گورننس کے مسائل،لانگ مارچ ملتوی کیاجائے فیصل کنڈی کی وفاقی وزیر امیر مقام سے ملاقات ،پختونخوا میں بد امنی پر اظہارتشویش
پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے میں گورننس اور کرپشن کے مسائل ہیں ، جنازے اٹھ رہے ہیں، ، ایسے حالات میں اسلام آباد پر چڑھائی مناسب نہیں ،کے پی حکومت اس حد تک نہ جائے کہ ایمرجنسی لگانی پڑے ۔ خیبرپختونخوا میں امن و امان کی موجودہ صورتحال لانگ مارچ کی متحمل نہیں ہو سکتی ۔صوبائی حکومت لانگ مارچ ملتوی کرکے امن و امان کی صورتحال پر توجہ دے ۔پشاورمیں ہسپتال کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا گورنر راج مجبوری کے تحت اس وقت لگایا جاتا ہے جب صوبے کے حالات خراب ہوں۔ اگر صوبے کے حالات خراب ہوئے تو وزیراعظم کی ایڈوائس پر صدر مملکت گورنر راج نافذ کر سکتے ہیں،قبل ازیں گورنر نے خیبر ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ کیا اور ہاؤس آفیسرز اور ٹرینی میڈیکل آفیسرز کے احتجاج میں ان سے اظہار یکجہتی کیا۔بعد ازاں گورنر کی درخواست پر ینگ ڈاکٹرز نے ڈیرہ اسماعیل خان میں جاری احتجاج ختم کرنے کا اعلان کیا۔ دریں اثنا فیصل کریم کنڈی نے پارلیمنٹیرینز کے ہمراہ وفاقی وزیر امیر مقام سے انکی رہائش گاہ پر ملاقات کی جس میں صوبے میں امن و امان سمیت مختلف امورپر تبادلہ خیال کیاگیا۔ رہنماؤں نے خیبرپختونخوا میں بڑھتی ہو ئی بدامنی پر شدید تشویش کا اظہار کیا ۔ علاوہ ازیں گورنر نے خراب موسم کے باعث دورہ ڈیرہ اسماعیل خان منسوخ کردیا ،انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر زٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ کا دورہ کرنا تھا ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments