چین میں 2پاکستانیوں کی خلائی سفر کی تربیت، ایک منتخب ہوگا

چین میں 2پاکستانیوں کی خلائی سفر کی تربیت، ایک منتخب ہوگا

تیزی سے گھومنے ، بے وزن حالت میں کھانے ، سونے اور آلات کی مرمت کی تربیت پائلٹ ذیشان علی، خرم داؤد میں سے کون مشن کا حصہ ہوگا، فیصلہ اکتوبر میں متوقع پائلٹ 2خلابازوں کیساتھ زمین پر آئیگا:عامر گیلانی، سائنسی تجربات کریگا:عزیر انصاری

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کے دو پائلٹ ذیشان علی اور خرم داؤد چین میں خلائی سفر کی تربیت حاصل کر رہے ہیں اور ان دونوں میں سے ایک کو چین کے خلائی  سٹیشن ’’تیان گونگ‘‘ پر جانے کیلئے منتخب کیا جائے گا۔ حتمی انتخاب کا فیصلہ اکتوبر کے وسط سے آخر تک متوقع ہے ۔سپارکو میں انسانی خلائی پرواز کے تعاون کی نگرانی کرنے والے عامر گیلانی کے مطابق دونوں پائلٹ گزشتہ کئی ماہ سے بیجنگ میں چائنا آسٹروناٹ ریسرچ اینڈ ٹریننگ سینٹر میں تربیت حاصل کر رہے ہیں۔ تربیت میں چینی زبان، خلائی جہاز کے نظام، کم کشش ثقل کے ماحول، سینٹری فیوج میں تیز رفتاری سے گھومنے اور شدید جی فورس برداشت کرنے کی مشقیں شامل ہیں۔ پائلٹس کو بے وزن حالت میں کھانے ، سونے اور آلات کی مرمت کی بھی تربیت دی جا رہی ہے ۔عامر گیلانی نے بتایا کہ منتخب پائلٹ روانگی تک پاکستان واپس نہیں آئے گا بلکہ چین میں تربیت مکمل کرنے کے بعد وہیں سے خلائی مشن کیلئے روانہ ہوگا۔ واپسی پر بحالی کے مرحلے سے گزرنے کے بعد وطن آئے گا۔ پاکستانی خلاباز ان دو چینی خلابازوں کے ساتھ زمین پر واپس آئے گا جو مئی میں خلائی سٹیشن پہنچے تھے ۔سپارکو کے ڈائریکٹر برائے مصنوعی ذہانت عزیر انصاری کے مطابق دونوں پائلٹس کا انتخاب تیز رفتار طیارے اڑانے اور شدید جی فورس برداشت کرنے کے تجربے کی بنیاد پر کیا گیا۔ منتخب پائلٹ خلا میں ’’پے لوڈ سپیشلسٹ‘‘کے طور پر کام کرے گا اور خلائی جہاز اڑانے کے بجائے پاکستان کے سائنسی تجربات انجام دے گا۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...