گورنر راج یا ایمرجنسی پر عوامی ردعمل شدید ہوگا:جنید اکبر

گورنر راج یا ایمرجنسی پر عوامی ردعمل شدید ہوگا:جنید اکبر

احتجاج ہمارا حق، مذاکرات ہی مسائل کا حل ہیں:صدر پی ٹی آئی خیبرپختونخوا آفریدی امن کیلئے سنجیدہ نہیں: طارق فضل چودھری، دنیا مہربخاری کیساتھ

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) صدر پی ٹی آئی خیبرپختونخوا جنید اکبر نے کہا ہے کہ حکومت وقت ضائع کر رہی ہے ، وفاقی وزرا کی پریس کانفرنسوں سے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا۔ تحریک انصاف نے کبھی دہشت گردوں کی حمایت یا ان سے تعاون نہیں کیا، خیبرپختونخوا کے عوام اور پی ٹی آئی نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں۔ انہوںنے پروگرام ‘‘دنیا مہربخاری کیساتھ’’ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 4 اکتوبر کی تیاری مکمل ہے ، اس روز پرامن احتجاج کیلئے نکلیں گے ، اسلام آباد فتح کرنا مقصد نہیں، احتجاج ہمارا حق ہے ۔جنید اکبر نے کہا کہ انہیں بیک چینل مذاکرات کا علم نہیں، عمران خان نے چار رکنی کمیٹی بنائی ہے اور رابطوں کے بارے میں کمیٹی ارکان ہی بتا سکتے ہیں۔ رابطے ہوتے رہتے ہیں، البتہ ان کی سطح مختلف ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب تک عمران خان نہیں کہیں گے ، سہیل آفریدی وزیراعلیٰ رہیں گے ۔ وفاقی حکومت میں تحریک انصاف کی حکومت گرانے اور سہیل آفریدی کو ہٹانے کی ہمت نہیں۔ گورنر راج یا ایمرجنسی نافذ کی گئی تو عوام شدید ردعمل دے گی۔وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چودھری نے کہا کہ سہیل آفریدی کی ذات سے کوئی مسئلہ نہیں، تاہم پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت دہشت گردی کیخلاف جنگ میں وفاق سے تعاون نہیں کر رہی بلکہ رکاوٹیں کھڑی کر رہی ہے ۔ سہیل آفریدی قیام امن کیلئے سنجیدہ نہیں، وزیراعلیٰ سے دہشت گردی کی روک تھام کے اقدامات سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے عمران خان کی رہائی کی کوششوں کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کا یہ رویہ شہدا کی توہین کے مترادف ہے ، اسی وجہ سے ایمرجنسی کی بات ہو رہی ہے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...