آئی ٹی برآمدات میں 25 ارب ڈالر ہدف کیلئے پرعزم ،شزہ فاطمہ
نوجوان اور خواتین ٹیلنٹ پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے
اسلام آباد (نیوز رپورٹر ) وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی آئی ٹی برآمدات میں سالانہ 20 فیصد سے زائد ترقی ہو رہی ہے اور حکومت وزیراعظم کے مقرر کردہ 25 ارب ڈالر کے برآمدی ہدف کے حصول پر سنجیدگی سے گامزن ہے ، 24 کروڑ ملکی آبادی میں 68 فیصد نوجوان اور ورک فورس کا 50 فیصد خواتین ہیں جن کی بنیاد پر ملک کا ڈیجیٹل سروسز سیکٹر عالمی مارکیٹس میں مسابقت کر رہا ہے اور اب ملکی معیشت روایتی کارگو و شپمنٹس کی بجائے جدید نالج بیسڈ سروسز پر منتقل ہو رہی ہے ۔ یہ بات انہوں نے ہواوے گلوبل سروس سینٹر کے دورے کے موقع پر میڈیا اور تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ان کا کہنا تھا کہ باصلاحیت آئی ٹی ٹیلنٹ دنیا کے کونے کونے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ صرف وفاقی دارالحکومت میں بیٹھ کر ڈھائی ہزار نوجوان انجینئرز مشرق وسطی، افریقا اور لاطینی امریکا سمیت دنیا کی 100 سے زائد بین الاقوامی مارکیٹس کے ٹیلی کام و آئی ٹی نیٹ ورکس چلا رہے ہیں جو دنیا میں پاکستان کا ایک مضبوط اور باوقار تشخص قائم کر رہے ہیں۔ شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ حکومت ملک کے اندر ڈیجیٹل انقلاب اور نوجوانوں کی جدید سکلز ٹریننگ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments