سیکرٹری خارجہ کے عہدے پرتبدیلیوں نے نئی صورتحال پیدا کردی

 سیکرٹری خارجہ کے عہدے پرتبدیلیوں نے نئی صورتحال پیدا کردی

چند روز میں ایکٹنگ سیکرٹری خارجہ کے حوالے سے بھی دو نام سامنے آئے

 اسلام آباد (ذیشان یوسفزئی) ایک ایسے وقت میں جب پاکستان عالمی سفارت کاری کے سٹیج پر توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے اور متعدد اہم سفارتی محاذوں پر سرگرم ہے ، دفتر خارجہ میں سیکرٹری خارجہ کے عہدے کے حوالے سے چند روز کے دوران سامنے آنے والی تبدیلیوں نے نئی صورتحال پیدا کردی ہے ۔ پاکستان کے ٹاپ ڈپلومیٹ کا دفتر اس وقت مستقل سیکرٹری خارجہ سے محروم ہے جبکہ نگران سیکرٹری خارجہ کے حوالے سے بھی چند ہی دنوں میں دو مختلف نام سامنے آئےہیں۔سابق سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ کی ریٹائرمنٹ کے بعد انہیں ترکیہ میں پاکستان کی سفیر مقرر کیا گیا ہے جبکہ ان کے بعد اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد کو نیا سیکرٹری خارجہ مقرر کیا گیا ہے ۔ آمنہ بلوچ کے عہدہ چھوڑنے اور عاصم افتخار احمد کے دفتر سنبھالنے کے درمیان چین میں پاکستان کے سابق سفیر خلیل ہاشمی کو ایکٹنگ سیکرٹری خارجہ مقرر کیا گیا تھا۔ دفتر خارجہ کی گزشتہ ہفتے جاری پریس ریلیز میں بھی انہیں ایکٹنگ سیکرٹری خارجہ قرار دیا گیا تھا تاہم اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مشن کی پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ سلامتی کونسل کے اجلاس میں ایکٹنگ سیکرٹری خارجہ نبیل منیر نے خطاب کیا۔ روزنامہ دنیا کے جائزے کے مطابق خلیل ہاشمی کی ایکٹنگ سیکرٹری خارجہ کے طور پر ذمہ داریاں چند روز کے لیے تھیں جبکہ رواں ہفتے سے نبیل منیر یہ فرائض انجام دے رہے ہیں اور یہ انتظام تقریباً اگلے ماہ تک جاری رہنے کا امکان ہے ۔یہ صورتحال ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایران اور امریکہ کے درمیان پاکستان کی شٹل ڈپلومیسی جاری ہے ، افغانستان کے ساتھ سرحدی معاملات اور دہشت گردی کے معاملے پر تعلقات کشیدہ ہیں، جبکہ بھارت کے ساتھ سفارتی معاملات حساس ہیں۔ سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ مشترکہ دفاعی معاہدے کے بعد اہم سفارتی و دفاعی رابطے بھی جاری ہیں۔ذرائع کے مطابق بعض سفارت کار ایکٹنگ سیکرٹری خارجہ کے عہدے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ دوسری جانب عاصم افتخار احمد کی آئندہ متوقع ریٹائرمنٹ کے باعث یہ سوال بھی موجود ہے کہ انہیں ریٹائرمنٹ کے بعد کنٹریکٹ یا کسی دوسری انتظامی بنیاد پر سیکرٹری خارجہ کے طور پر برقرار رکھا جائے گا یا نہیں۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...