گجرات : جھوٹی ایف آئی آر پر 2 مدعیوں کو 6 ماہ قید کا حکم

 گجرات : جھوٹی ایف آئی آر پر 2 مدعیوں کو 6 ماہ قید کا حکم

ریاض ،اکرم نے پو لیس کی ملی بھگت سے زمین پر قبضہ کیلئے مقدمات درج کرائے سابق ایس پی ، ڈی ایس پی ، ایس ایچ او اور2 اے ایس آئیزبھی قصور وار قرار

 گجرات(سٹی رپورٹر )پنجاب کی عدالتی تاریخ میں پہلی مرتبہ جھوٹی ایف آئی آر درج کر انے والے 2 مدعی مقدمہ کو 6/6 ماہ قید کی سزا کا حکم سنا دیا گیا ،مجرموں کو کمرہ عدالت سے گرفتار کر لیا گیا ۔جج ماڈل کریمنل کورٹ تحصیل گجرات سید تہذیب الحسن نقوی نے دفعہ 182 پر کارروائی کرتے ہوئے جھوٹی ایف آئی آر کر انے والے مدعی مقدمہ ریاض احمد اور اکرم طاہر سکنہ کنجاہ کوچھ، چھ ماہ قید اور بیس /بیس ہزار روپے جرمانہ کی سزا سنا کر کمرہ عدالت سے ہی گرفتار کروا کر جیل منتقل کردیا۔ مجرموں نے سابق ایم ایس سول ہسپتال جلالپور جٹاں ڈاکٹر خالد محمود غوری کی زمین پر قبضہ کرنے کیلئے پولیس کی ملی بھگت سے تھانہ کنجاہ میں دو ایف آئی آر درج کر ائی تھیں۔

دوران تفتیش دونوں ایف آئی آر جھوٹی ثابت ہونے پر خارج کر دی گئیں ، علاقہ مجسٹریٹ نے اخراج رپورٹ کو منظور کرلیا۔ ڈاکٹر خالد محمود نے آئی جی پنجاب کو پولیس افسر وں کے خلاف جھوٹی ایف آئی آر میں معاونت پر درخواست دی ،اعلیٰ سطح انکوائری میں سابق ایس پی انویسٹی گیشن گجرات مہر ریاض ناز اور سابق ڈی ایس پی صدر سرکل گجرات ملک عدنان ، ایس ایچ او کنجاہ ، اے ایس آئی سجاد چیمہ اور اے ایس آئی رانا مجید قصور وار پائے گئے ۔ ڈاکٹر غوری نے مقامی عدالت میں دونوں مدعیوں کے خلاف کارروائی کی درخواست دی تھی جس پر عدالت نے فیصلہ سنایا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...