اخبار فروشوں کیلئے ریلیف پیکیج کا اعلان کیا جائے :عقیل عباسی
اخباری صنعت کی نمائندہ تنظیمیں کمیٹی بناکراس معاملہ پرحکومت کیساتھ مذاکرات کریں علاج ، تعلیم کی سہولت ، مالی معاونت فراہم کی جائے :صدراخبارفروش فیڈریشن پنجاب
راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار)صدر آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن صوبہ پنجاب عقیل احمد عباسی نے حکومت پاکستان اور تمام صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ ملک بھر کے اخبار فروشوں کے لیے فوری طور پر خصوصی ریلیف پیکیج کا اعلان کیا جائے ، جس میں علاج معالجہ، تعلیم اور مالی معاونت کو شامل کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اخبار فروشوں کے وفد سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں ہزاروں اخبار فروش شدید مہنگائی کے باوجود سائیکل، موٹر سائیکل اور پیدل اخبارات لوگوں تک پہنچانے کا کام انجام دے رہے ہیں۔ اخبار فروش اخباری صنعت کا وہ محنت کش طبقہ ہے جو گزشتہ کئی دہائیوں سے اس شعبے کی بقا کے لیے اپنا کردار ادا کر رہا ہے، مگر آج یہ طبقہ بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہے ،انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں ایسے اخبار فروش موجود ہیں جو 50، 60 اور اس سے بھی زائد سال سے اس شعبے سے وابستہ ہیں،آج انہیں حکومتی و صنعتی اداروں کے تعاون اور سہارے کی اشد ضرورت ہے ۔صدر آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن پنجاب نے کہا کہ اے پی این ایس، سی پی این ای، اخبارات کے مالکان اور دیگر متعلقہ اداروں کو بھی اخبار فروشوں کی فلاح و بہبود کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے ۔ انہوں نے تجویز دی کہ آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن اور اخباری صنعت کی نمائندہ تنظیمیں ایک مشترکہ کمیٹی تشکیل دیں، جو حکومت کے ساتھ مذاکرات کرکے اخبار فروشوں کے مسائل کا مستقل حل تلاش کرے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments