جماعت اسلامی کا غزہ مارچ : امت فرقوں میں الجھنے کے بجائے فلسطینیوں کیلئے متحد ہو : حافظ نعیم

 جماعت اسلامی کا غزہ مارچ : امت فرقوں میں الجھنے  کے بجائے فلسطینیوں کیلئے متحد ہو : حافظ نعیم

مسلم حکمرانوں کی بے حسی نے اسرائیل کو سپورٹ دی، 7 اکتوبر کے بعد احتجاجی تحریک کے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے بنوقابل پروگرام فلسطین میں بھی شروع کرینگے ،پاکستانی سیاسی و مذہبی جماعتیں فلسطینیوں کیساتھ کھڑی ہوں،غزہ مارچ سے خطاب

کراچی ( سٹاف رپورٹر) اہل غزہ و فلسطین سے بھر پور اظہار یکجہتی کے لیے جماعت اسلامی کراچی کے تحت شاہراہ قائدین پر عظیم الشان و تاریخی غزہ مارچ کا انعقاد کیا گیا ۔مارچ سے قبل امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان کی زیر قیادت نورانی کباب تا اللہ والی چورنگی ریلی نکالی گئی۔ امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے غزہ مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اکتوبر کا پہلا ہفتہ اہل غزہ و فلسطینکے مظلوم و نہتے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے طور پر منایا جائے گا،پٹرولیم لیوی بھتہ ٹیکس اور مہنگائی کے خلاف تحریک جاری ہے ، 7اکتوبر کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا،پاکستان، ترکی اور سعودی عرب پر مشتمل دفاعی معاہدہ خوش آئند ہے ، دفاعی معاہدے میں ایران، بنگلہ دیش سمیت دیگرمسلم ممالک کو بھی شامل کیا جائے ، اگر یہ دفاعی معاہدہ خطے کے دفاع کے لیے ہے تو اس کا پہلا مقصد فلسطین کا تحفظ اور اسرائیلی جارحیت کا خاتمہ ہونا چاہئے ، جنگ بندی کے باوجود غزہ کے وسیع علاقوں میں اسرائیلی بمباری جاری ہے ۔مسجد اقصیٰ کی آزادی کے لیے جدوجہد کو مزیدتیز کیا جائے۔

امت مسلمہ کو فرقوں، مسلکی اور جغرافیائی تقسیم میں الجھنے کے بجائے فلسطین اور کشمیر کے مظلوم عوام کی پشتیبانی کے لیے متحد ہونا ہوگا، انہوںنے کہا 70فیصد غزہ کو ملیا میٹ کیا جاچکا ہے اس کے باوجود اہل غزہ کے نوجوان تعلیم حاصل کررہے ہیں،بہت جلدجماعت اسلامی اور الخدمت کے تحت بنوقابل پروگرام فلسطین میں بھی شروع کیا جائے گا،الخدمت نے عوام کے تعاون سے 10ارب روپے کی امداد اہل فلسطین کو بھجوائی ہے۔پاکستان کی سیاسی و مذہبی جماعتوں سے مطالبہ ہے کہ وہ فلسطینیوں اور اہل غزہ کے عوام کے ساتھ کھڑے ہوں، اسرائیل کو امر یکا کی مکمل حمایت حاصل ہے جبکہ مسلم ممالک کی خاموشی بھی اسے تقویت فراہم کررہی ہے ، مسلم حکمرانوں کی بے حسی نے اسرائیل کو سپورٹ دی، مسلم دنیا کے حکمرانوں، افواج اور ان تمام باضمیر انسانوں کی ذمہ داری تھی جو خود کو انسانیت کا ٹھیکیدار سمجھتے ہیں کہ وہ اسرائیل کو لگام ڈالتے۔

آج مسلم دنیا کے عوام اہل غزہ کے ساتھ کھڑے ہیں، خود امر یکا کے عوام بھی اپنی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں ، اختلافات بھلا کر فلسطینیوں اور کشمیریوں کی پشتیبانی کرنا ہوگی۔ پاکستان کی مذہبی جماعتوں کو کشمیر اور فلسطین کے مسائل پر مؤثر آواز اٹھانی چاہئے ۔اسرائیل ایک ناسور ہے ، جب تک یہ موجود رہے گا خطے میں بربادی کا سلسلہ جاری رہے گا۔منعم ظفر خان نے کہا کہ کراچی کی ماؤں، بہنوں، بیٹیوں، بزرگوں اور نوجوانوں کو سلام اور خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ مختصر وقت میں اتنی بڑی تعداد میں غزہ مارچ میں شرکت کی ۔ اس موقع پر غزہ کے مفتی اعظم ڈاکٹر محمود یوسف الشوبکی،جماعت اسلامی منارٹی ونگ کراچی کے صدر یونس سوہن ایڈووکیٹ، سیکرٹری کراچی توفیق الدین صدیقی ودیگر نے بھی خطاب کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...