گیس فراہمی چیلنج ،دو روز میں اہم فیصلے متوقع :علی پرویز
موجودہ حالات لانگ مارچ کے نہیں ریاست کیساتھ کھڑے ہونے کے ہیں خطے میں ایل این جی کی سپلائی متاثر ہوئی تو مشکلات بڑھ سکتی ہیں : خطاب
لاہور (ہیلتھ رپورٹر )وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ سردیوں میں گیس فراہمی چیلنج ہے ،دو روز میں اہم فیصلے متوقع ہیں ، خطے میں ایل این جی کی سپلائی متاثر ہوئی تو مشکلات بڑھ سکتی ہیں۔ملک اور خطے کو درپیش مشکل حالات میں سیاسی اختلافات کو ایک طرف رکھ کر قومی سلامتی کیلئے متحد ہونا ہوگا، موجودہ حالات لانگ مارچ یا سیاسی سرگرمیوں کے نہیں بلکہ ریاست کیساتھ کھڑے ہونے کے ہیں۔لاہور کے علاقے مغلپورہ میں اپنے انتخابی حلقے میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں دہشت گردی دوبارہ سر اٹھا رہی ہے ، ایسے وقت میں پوری قوم اور سیاسی قیادت کو اپنی عسکری قیادت کے پیچھے کھڑا ہونا ہوگا۔ نوجوان سرحدوں پر جانوں کی قربانیاں دے رہے ہیں، سیاسی مفادات کیلئے ریاست کو نقصان نہیں پہنچنا چاہیے ۔ ریاست کسی بھی وزیر یا وزیر اعلیٰ سے بڑھ کر ہے۔
اگر کوئی حکومت دہشتگردی کیخلاف جنگ کے بجائے سیاست چمکائے گی تو ریاست کے پاس اپنے مفادات کے تحفظ کے تمام اختیارات موجود ہیں، عالمی منڈی میں اضافے کے باعث پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانا پڑیں تاہم عوام پر اضافی بوجھ نہیں ڈالا گیا، جیسے ہی عالمی منڈی میں قیمتیں گریں گی فائدہ عوام کو منتقل ہوگا۔وفاقی وزیر نے سردیوں میں گیس کی فراہمی کو بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے سفارشات وزیراعظم اور کابینہ کو پیش کر دی گئی ہیں اور آئندہ دو روز میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔ خطے میں ایل این جی سپلائی میں قطر کا اہم کردار ہے ، سپلائی متاثر ہوئی تو مشکلات بڑھ سکتی ہیں۔سعودی عرب کے ساتھ توانائی تعاون پر وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان تیل کی فراہمی یقینی بنانے پر سعودی عرب کا شکر گزار ہے ، ریاض میں خطے کی بڑی انرجی کانفرنس ہونے جا رہی ہے جس کے لیے انہیں آئندہ ہفتے سعودی عرب جانے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments