مسیحیوں کے وراثتی حقوق،وصیت کا بل پنجا ب اسمبلی میں جمع

مسیحیوں کے وراثتی حقوق،وصیت کا بل پنجا ب اسمبلی میں جمع

قانونی طور پر گود لئے بچوں کو قدرتی اولاد کے برابر وراثتی حقوق دینے کی تجویز فراڈ، دباؤ یا جبر سے حاصل وصیت غیر مو ثر،بل فیلبوس کرسٹوفر نے جمع کروایا

لاہور (سیاسی نمائندہ) پنجاب میں مسیحی برادری کے وراثتی حقوق اور وصیت سے متعلق قوانین کو یکجا اور جدید بنانے کیلئے پنجاب کرسچن سکسیشن بل 2026 پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دیا گیا،چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے اقلیتی امور فیلبوس کرسٹوفر کی جانب سے جمع کرائے گئے نجی ممبر کے بل میں قانونی طور پر گود لئے گئے بچوں کو قدرتی اولاد کے برابر وراثتی حقوق دینے ، جائیداد کی تقسیم اور وصیت سے متعلق قانونی طریقہ کار وضع کرنے کی تجاویز شامل ہیں، مجوزہ بل کے مطابق وصیت کے بغیر وفات کی صورت میں جائیداد بچوں میں برابر تقسیم ہوگی، متوفی کی کوئی اولاد یا دیگر قانونی رشتہ دار نہ ہونے کی صورت میں پوری جائیداد بیوہ کو منتقل کرنے کی تجویز دی گئی ہے ، کسی بھی رشتہ دار کی عدم موجودگی میں جائیداد حکومت کو منتقل ہوگی۔

بیوی کی وفات کی صورت میں شوہر کو بھی وہی وراثتی حقوق حاصل ہوں گے جو شوہر کی وفات پر بیوہ کو حاصل ہوتے ہیں، فراڈ، دباؤ یا جبر کے ذریعے حاصل کی گئی وصیت یا اس کا متعلقہ حصہ غیر مو ثر تصور ہوگا۔ وصیت کنندہ کو اپنی وصیت میں ترمیم یا اسے منسوخ کرنے کا اختیار دینے کے ساتھ اس کی منسوخی، ترمیم اور بحالی کیلئے قانونی طریقہ کار مقرر کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے ، بل کے محرک فیلبوس کرسٹوفر کے مطابق ملک بھر میں مسیحیوں کی وراثتی تقسیم کیلئے 1925 کے اقلیتی قانون کا اطلاق ہوتا ہے ، بل اگلے اجلاس میں پنجاب اسمبلی میں پیش کرکے متعلقہ کمیٹی کے سپرد کیا جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...