قائمہ کمیٹی کی ڈی جی حج جدہ کی اجلاس میں عدم شرکت پر برہمی

قائمہ کمیٹی کی ڈی جی حج جدہ کی اجلاس میں عدم شرکت پر برہمی

منسوخ شدہ فضا ئی ٹکٹ کا ریکارڈ طلب ، آئندہ اجلاس میں لازمی شرکت کی ہدایت تحقیقات مکمل ہونے تک دم دما مندر راولپنڈی نہ گرایا جا ئے ،سینیٹر حافظ عبدالکریم

اسلام آباد (سیدقیصرشاہ) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کا اجلاس کنوینر سینیٹر حافظ عبدالکریم کی زیر صدارت ہوا ۔ کمیٹی نے بار بار ہدایات کے باوجود ڈی جی حج جدہ کی اجلاس میں عدم شرکت پر شدید برہمی کا اظہا رکیا ۔ سیکرٹری وزارت مذہبی امور نے بتایا کہ ڈی جی حج 21 ستمبر کے اجلاس میں شرکت کے لیے تیار تھے تاہم اجلاس ملتوی ہونے کے باعث ان کا سفر منسوخ ہوگیا جبکہ کفایت شعاری اقدامات اور بیرون ملک سفر پر پابندیوں کے باعث وہ پاکستان نہیں آسکے ۔ وزارت آئندہ اجلاس میں ان کی شرکت یقینی بنانے کے لیے نائب وزیراعظم کی سربراہی میں متعلقہ فورم سے خصوصی اجازت حاصل کرے گی۔ سینیٹر ناصر محمود نے ڈی جی حج کے طرز عمل اور مسلسل عدم حاضری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزارت سے ان کے منسوخ شدہ فضائی ٹکٹ کا ریکارڈ طلب کیا اور آئندہ اجلاس میں ان کی شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کی ۔

کنوینر نے موجودہ ڈی جی حج کی مدت ملازمت مکمل ہونے کے باوجود عہدے پر برقرار رہنے پر بھی سوال اٹھایا۔ سیکرٹری مذہبی امور نے بتایا کہ 36 امیدوار اہل قرار پائے تھے اور تین بہترین امیدواروں کا پینل وزیراعظم کو بھجوایا گیا، تاہم پینل کی منظوری نہ ملنے پر نئی بھرتی کا عمل شروع کرنے کی ہدایت کی گئی جس پر دوبارہ بھرتی کا عمل جاری ہے ۔ اجلاس میں راولپنڈی کے دم دما مندر کے اطراف رہائشیوں اور دکانداروں کے معاملے پر بھی غور کیا گیا۔ چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ نے بتایا کہ مندر/گور و دوارہ کی اراضی تقریباً 2 کنال 14 مرلے پر مشتمل ہے اور وہاں تجاوزات کے خلاف کارروائی متروکہ وقف املاک بورڈ کے ترقیاتی منصوبے کے تحت عبادت گاہ کی تعمیر نو اور بحالی کے لیے شروع کی گئی ہے ۔ کمیٹی نے متعلقہ حکام کو معاملے کی مکمل تحقیقات کی ہدایت کی اور مسائل کا جائزہ لینے کیلئے ذیلی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ۔ کنوینر نے ذیلی کمیٹی کی تحقیقات مکمل ہونے تک انہدامی کارروائی فوری طور پر روکنے کی ہدایت کردی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...