مریم نواز کا بچوں سے مشقت کے خاتمے کیلئے ہیلپ لائنز، بحالی مراکز کا اعلان
وزیراعلیٰ پنجاب سے عالمی ادارہ محنت کے وفد کی ملاقات، مزدوروں کی فلاح وبہبو د ، لیبر قوانین پر بھی تبادلہ خیال 8اکتوبر 2005کے زلزلہ متاثرین سے اظہار یکجہتی،قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے تمام ادارے متحرک ہیں :پیغام
لاہور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں بچوں سے مشقت کے خاتمے کیلئے خصوصی ہیلپ لائنز اور بحالی مراکز قائم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ انہوں نے یہ بات لاہور میں عالمی ادارہ محنت (آئی ایل او)کے ڈائریکٹر جنرل گلبرٹ ایف ہونگبو کی سربراہی میں آنے والے وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔اس موقع پر مزدوروں کی فلاح، بچوں سے مشقت کے خاتمے اور لیبر قوانین سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مریم نواز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بچوں کو مشقت سے نکالنے اور ان کی بحالی کیلئے مختلف اقدامات کر رہی ہے، بچوں کی بحالی کیلئے مراکز بھی قائم کیے جا رہے ہیں، جہاں انہیں ضروری سہولیات فراہم کرکے معاشرے کا فعال حصہ بنانے کیلئے اقدامات کیے جائیں گے ،خصوصی ہیلپ لائنز کے ذریعے بچوں سے مشقت سے متعلق شکایات کے بروقت ازالے میں مدد ملے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزدوروں اور ان کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کے حوالے سے حکومتی اقدامات پر روشنی ڈالی۔ مریم نواز نے مزید کہا کہ پنجاب ایمپلائز سوشل سکیورٹی انسٹی ٹیوشن محنت کشوں اور ان کے اہل خانہ کوصحت کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے ،صوبائی کابینہ کی منظوری کے بعد پنجاب لیبر کوڈ 2026 نافذ کر دیا گیا ہے ، لیبر کوڈ کے تحت کم از کم اجرت میں اضافہ، مزدوروں کی باقاعدہ رجسٹریشن اور لیبر قوانین پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے ،لیبر قوانین کے نفاذ اور مزدوروں کو سوشل سکیورٹی کوریج، رہائش اور ان کے بچوں کو بہترین تعلیم کیلئے اقدامات ثمر آور ثابت ہورہے ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ صوبے میں 70 ہزار سے زائد بچوں سے جبری مشقت کی نشاندہی کرکے چائلڈ لیبر کا خاتمہ اور 3644 بچوں کو سکول بھیجا گیا، گزشتہ 3 سالوں میں 4.9 ملین ورکرز کو کم از کم اجرت کی ادائیگی یقینی بنائی گئی اورخلاف ورزی پر 752 ایف آئی آر درج کی گئیں ،پنجاب میں 12 لاکھ صنعتی ورکرز کو مریم نواز راشن کارڈ سے 3.7 ارب روپے مل چکے ہیں۔
صنعتی لیبر کی جان ومال کی حفاظت کیلئے محکمہ محنت کی ہیلپ لائن1314 سے 24/7 فنکشنل ہے ۔ مریم نواز نے مزید کہا کہ لاہور، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ، راولپنڈی اور رحیم یار خان میں ورکرز کی پیشہ ورانہ صحت اور حفاظت کیلئے نئے مراکز قائم کررہے ہیں، لاہور میں پاکستان کی پہلی ایکوپیشنل سیفٹی اینڈ ہیلتھ لیبارٹری اسی سال قائم ہوگی ، فیصل آباد میں او ایس ایچ لیب آخر تک مکمل ہوگی،نجی فیکٹریوں اور دفاتر میں خواتین کی شرکت بڑھانے کیلئے ڈی جی ایل ڈبلیو کے تحت 577 ڈے کیئر سنٹرقائم کیے جار ہے ہیں، پنجاب حکومت آجروں کو لیبر قوانین کی پاسداری کرنے میں مددفراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
آئی ایل او کے ڈائریکٹر جنرل گلبرٹ ایف ہونگبو نے مزدوروں کی بہبودگرانٹس میں نمایاں اضافے کو سراہا۔گلبرٹ ایف ہونگبو نے مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لیے گرانٹس میں نمایاں اضافے کو سراہا اور مریم نواز کو یواین ہیبی ٹیٹ سکرول آف آنر ایوارڈ ملنے پر مبارکباد دی۔ ادھر 8 اکتوبر 2005 کے تباہ کن زلزلے کی مناسبت سے 21ویں قومی یومِ استقامت پرجاری اپنے خصوصی پیغام میں مریم نواز نے زلزلہ متاثرین سے اظہار یکجہتی کیا اور جاں بحق ہونے والوں کوخراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قیامت کی اس گھڑی میں پاکستانی قوم کی ہمدردی ایثار اور احساس کا جذبہ ناقابل فراموش ہے ، موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے آنے والے سیلاب، زلزلے اور سموگ سے نمٹنے کیلئے موثر پالیسی اور پائیدار اقدامات ناگزیر ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہر ریسکیو اور ریلیف آپریشن کیلئے پاک فوج، نیوی،فضائیہ، ریسکیو1122پولیس سمیت متعلقہ ادارے بھی قابلِ تحسین ہیں،قدرتی آفات سے نمٹنے کے لئے تمام اداروں کو ہر وقت تیار رہنا چاہئے ، بروقت تیاری سے قدرتی آفات سے انسانی جان ومال اور ماحول کوتباہ کن نقصان سے بچایا جا سکتا ہے ،عوام کو سیلاب، زلزلے اور دیگر قدرتی آفات سے بچانے کیلئے حکومت پنجاب کے تمام ادارے ہمہ وقت متحرک اور سرگرم عمل ہیں ۔دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب نے شمالی وزیرستان میں فتنہ الخوارج کے 4 اہم کمانڈرز سمیت 9 دہشتگرد ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور کامیاب کارروائی پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments