غربت کے خاتمے کیلئے حکومت، مالیاتی اداروں کی مل کر کام کرنا ہوگا : وزیراعلیٰ سندھ

غربت کے خاتمے کیلئے حکومت، مالیاتی اداروں کی مل کر کام کرنا ہوگا : وزیراعلیٰ سندھ

قرض غربت ختم نہیں کرتا، ہنر اور کاروباری معاونت بھی ناگزیر،محروم طبقات کیلئے مالی مصنوعات بنانا ہونگی،خطاب مرادشاہ کی ٹیکا وفد سے ملاقات،سندھ اور ترکیہ میں تعلیم ،صحت ، ثقافت و دیگر شعبوں میں مزید تعاون بڑھانے پر اتفاق

کراچی(کامرس رپورٹر،خبر ایجنسیاں) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صرف قرض خاندانوں کو غربت سے باہر نہیں نکالتا، مالی معاونت کے ساتھ ہنر، کاروباری معاونت، رہائش اور کمیونٹی کی تنظیم سازی کو یکجا کرنا ہوگا۔کراچی کے مقامی ہوٹل میں 10ویں سالانہ مائیکروفنانس کانفرنس کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مالی شمولیت کے نئے دور میں پالیسی سازوں، مالیاتی اداروں، ریگولیٹرز اور  ترقیاتی شراکت داروں کو ایسی مالی مصنوعات تیار کرنی چاہئیں جو نظر انداز اور محروم طبقات کی حقیقی ضروریات پوری کرسکیں۔

مالیاتی شمولیت کا مقصد محض بینک اکاؤنٹس کھولنا نہیں بلکہ عوام کو معیاری اور ان کی ضروریات کے مطابق مالیاتی خدمات فراہم کرنا ہے ،انہوں نے کہا کوئی ایک ادارہ تنہا غربت کا خاتمہ نہیں کرسکتا، حقیقی پیشرفت حکومت، مالیاتی اداروں، ترقیاتی شراکت داروں اور کمیونٹیز کے باہمی تعاون سے ممکن ہے ، مالی شمولیت کو صرف کھولے گئے بینک کھاتوں کی تعداد سے نہیں بلکہ لوگوں کی زندگیوں پر اس کے اثرات سے جانچا جانا چاہیے ۔انہوں نے کہا پیپلز تخفیف غربت پروگرام 2009ء-04 میں دو اضلاع سے شروع ہوا تھا جو اب دیہی سندھ کے وسیع حصوں تک پھیل چکا ہے، پروگرام کے تحت 10 لاکھ سے زائد گھرانوں کو منظم کیا گیا ہے۔

انہوں نے مالیاتی شعبے پر زور دیا کہ صارفین کے ساتھ مل کر مالی مصنوعات اور حل تیار کیے جائیں، ان پر حل مسلط نہ کیے جائیں۔ ادھر وزیراعلیٰ مراد علی شاہ سے ترک تعاون و رابطہ ایجنسی (ٹیکا)کے ڈپٹی صدر ڈاکٹر علی ارجان کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کے وفد نے ملاقات کی، جس میں سندھ اور ترکیہ کے درمیان تعلیم، صحت، ثقافت، عوامی فلاح اور آفات سے نمٹنے کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ملاقات میں پاکستان اور ترکیہ کے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے، سندھ میں ٹیکا کے جاری ترقیاتی منصوبوں اور نئے شعبوں میں تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...