شمالی وزیرستان : فورسز کی کارروائیاں، فتنہ الخوارج کے 4 کمانڈرز سمیت 9 دہشتگرد ہلاک
پلنگ زئی، ندیم کوٹ، کوٹ خضری میں کارروائیاں، ہلاک کمانڈرز میں خارجی خالد، کامران، موسیٰ، مفتوم شامل اسلحہ، گولہ بارود بھی برآمد ،متعدد ٹھکانے تباہ کر دئیے گئے، صدر، وزیراعظم، وزیر داخلہ کا فورسز کو خراج تحسین
راولپنڈی (نامہ نگار،دنیا نیوز)سکیورٹی فورسز کی خیبرپختونخوا میں فتنہ الخوارج کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں، شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کر کے فتنہ الخوارج کے 4 اہم دہشتگرد کمانڈرز سمیت 9 خوارج جہنم واصل کر دئیے گئے۔ فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے پلنگ زئی، ندیم کوٹ، کوٹ خضری میں کارروائیاں کیں، فتنہ الخوارج کے ہلاک دہشت گرد کمانڈرز میں خارجی خالد رضا، خارجی کامران، خارجی موسیٰ اور خارجی مفتوم شامل ہیں۔
ہلاک دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا ہے، کارروائیوں کے دوران فتنہ الخوارج کے متعدد ٹھکانے بھی تباہ کر دئیے گئے۔ صدر آصف علی زرداری نے شمالی وزیرستان میں کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ اپنے بیان میں صدر مملکت نے کہا کہ چار اہم خارجی کمانڈرز سمیت 9 دہشت گردوں کا خاتمہ سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور بہادری کا مظہر ہے ، دہشتگردوں کے غیر ملکی سرپرستوں اور ان کے مقامی سہولت کاروں کی ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا۔
آصف زرداری نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے خلاف عزمِ استحکام کے تحت کارروائیاں دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جاری رہیں گی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے شمالی وزیرستان میں کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کے افسروں و اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے افسر و جوان دہشتگردی کے خاتمے اور ملک میں پائیدار امن کے قیام کے لیے قابلِ تحسین خدمات انجام دے رہے ہیں۔دہشتگردوں کو ملک میں بدامنی پھیلانے میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی کامیاب آپریشن پر فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments