سرکاری وسائل کے استعمال پر وزیراعلیٰ کے پی سے جواب طلب

سرکاری وسائل کے استعمال پر وزیراعلیٰ کے پی سے جواب طلب

وزیراعلیٰ ہیلی کاپٹر پر لانگ مارچ گئے توہین عدالت کی کارروائی کی جائے ،درخواست آئینی عدالت میں آفریدی کی نااہلی کیلئے درخواست 15 اکتوبر کو سماعت کیلئے مقرر

پشاور،اسلام آباد(کورٹ رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)پشاور ہائیکورٹ نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی جانب سے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ میں ہیلی کاپٹر اور سرکاری وسائل استعمال کرنے کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست پر وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کرلیا۔ توہین عدالت کی درخواست سماعت چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس ایس ایم عتیق شاہ اور جسٹس اعجاز خان پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کی۔ درخواست گزار رکن صوبائی اسمبلی ظاہر خان کی جانب سے بیرسٹر یاسین رضا عدالت میں پیش ہوئے۔

انہوں نے عدالت کو بتایا پشاور ہائیکورٹ نے 23 اکتوبر 2025 کو فیصلہ جاری کیا تھا جس میں سیاسی اجتماع، جلسے اور جلوس کے دوران سرکاری وسائل پر پابندی عائد کی تھی تاہم 4 اکتوبر کو وزیراعلیٰ نے سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال کرتے ہوئے لکی مروت میں سیاسی لانگ مارچ میں شرکت کی لہٰذا وزیراعلیٰ کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے ۔انہوں نے عدالت کوبتایا وزیراعلیٰ کی سرکاری ہیلی کاپٹر کے ذریعے لانگ مارچ میں شرکت کے حوالے سے تصاویر اور ویڈیوز بھی موجود ہیں۔

دوسری طرف وفاقی آئینی عدالت نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی نااہلی کیلئے دائر درخواست 15 اکتوبر کو سماعت کیلئے مقرر کردی۔ چیف جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں بینچ سماعت کرے گا ۔ رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے سہیل آفریدی کی بطور وزیراعلیٰ تقرری چیلنج کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی بحالی کیلئے درخواست دائر کر رکھی ہے ،درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سزا یافتہ شخص کسی عوامی عہدیدار کی نامزدگی کا اختیار نہیں رکھتا، لہٰذا وزیراعلیٰ پختونخوا کی تقرری قانونی طور پر قابلِ اعتراض ہے ،نااہل قرار دیا جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...