جوڈیشنل کمیشن :سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچز کی مدت میں 1 سال توسیع کی منظوری
کمیشن نے موجودہ آئینی بینچز کے تمام ججوں کو دوبارہ نامزد کر دیا ،14 کے مقابلے میں ایک کی اکثریت سے فیصلہ رکن جوڈیشل کمیشن احسن بھون کی ڈگری اصلی ،دومرتبہ تصدیق ہوچکی:سیکرٹری پاکستان بار نے جواب جمع کرادیا
اسلام آباد (حسیب ریاض ملک)جوڈیشل کمیشن آف پاکستان نے سندھ ہائی کورٹ کے آئینی بینچز کی مدت میں ایک سال کی توسیع کی منظوری دے دی، جبکہ موجودہ آئینی بینچز کے تمام ججوں کو دوبارہ نامزد کر دیا گیا۔ یہ فیصلہ کمیشن نے 14 کے مقابلے میں ایک کی اکثریت سے کیا۔سپریم کورٹ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کا اجلاس 13 اکتوبر 2026 کو دوپہر ڈیڑھ بجے سپریم کورٹ آف پاکستان کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا، جس میں سندھ ہائی کورٹ کے آئینی بینچز کی مدت میں توسیع کا معاملہ زیر غور آیا۔اجلاس میں اکثریتی فیصلے کے ذریعے آئینی بینچز کی مدت میں ایک سال کی توسیع کی منظوری دی گئی اور ان میں شامل تمام موجودہ ججوں کو دوبارہ نامزد کر دیا گیا۔اعلامیے کے مطابق اجلاس میں کیپٹن (ر) محمد صفدر اعوان کی جانب سے جوڈیشل کمیشن کے رکن احسن بھون کے تعلیمی کوائف، انرولمنٹ اور پیشہ ورانہ اسناد کی فوری تصدیق اور انکوائری سے متعلق شکایت بھی پیش کی گئی۔سیکرٹری جوڈیشل کمیشن نے بتایا کہ شکایت پر پاکستان بار کونسل کے سیکرٹری سے رائے طلب کی گئی تھی، جنہوں نے جواب دیا کہ پاکستان بار کونسل کے انتخابات میں کامیاب امیدوار کی حیثیت سے احسن بھون ایڈووکیٹ کی ڈگری کی ریٹرننگ افسر، اٹارنی جنرل آف پاکستان نے دو مرتبہ تصدیق کی۔ پہلی مرتبہ 2021 اور دوسری مرتبہ 2026 میں تصدیق کے دوران پنجاب یونیورسٹی نے ان کی ڈگری کو اصلی قرار دیا تھا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments