برازیلی افواج کے وفد کی نیول اور ایئر چیفس سے ملاقاتیں، دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد:(دنیا نیوز) برازیلی مسلح افواج کے اعلیٰ سطح وفد نے پاکستان کے دورے کے دوران پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کے سربراہان سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق برازیلی وفد کی قیادت برازیلی مسلح افواج کے جوائنٹ چیفس آفسٹاف کے سربراہ ایڈمرل ریناٹو فریرے نے کی، ملاقاتوں میں پاکستان اور برازیل کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے، ادارہ جاتی روابط مضبوط بنانے اور پیشہ ورانہ تبادلوں کے فروغ پر گفتگو ہوئی۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ کی قیادت سے ملاقات میں علاقائی بحری سلامتی کی صورت حال اور پاکستان و برازیل کے درمیان بحری تعاون بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا، اس موقع پر پیشہ ورانہ تربیت، اعلیٰ سطح وفود کے تبادلوں اور مشترکہ بحری مشقوں کے انعقاد سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق برازیلی ایڈمرل نے پاکستان نیوی کے ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرولز (آر ایم ایس پی) اقدام کو سراہتے ہوئے علاقائی بحری سلامتی اور استحکام کے لیے پاک بحریہ کے کردار کی تعریف کی، انہوں نے پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل صلاحیتوں کو بھی سراہا۔

دوسری جانب برازیلی وفد نے پاک فضائیہ کے سربراہ سے بھی ملاقات کی، جس میں پاک فضائیہ کی جدید کاری، دفاعی ٹیکنالوجی میں خود انحصاری اور مقامی سطح پر دفاعی صلاحیتوں کی تیاری کے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔

ایئر چیف نے برازیلی وفد کو پاک فضائیہ میں جدید ٹیکنالوجی کے انضمام، مصنوعی ذہانت (اے آئی)، سائبر، خلائی اور الیکٹرانک وارفیئر کی صلاحیتوں کے فروغ سے متعلق اقدامات سے آگاہ کیا، برازیلی ایڈمرل نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل استعداد کو بھی سراہا۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا  ملاقاتوں کے دوران پاکستان اور برازیل نے دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے، ادارہ جاتی تعاون بڑھانے اور پیشہ ورانہ تجربات کے تبادلے کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا، دونوں ممالک نے دفاعی تعاون، تربیتی پروگراموں، وفود کے تبادلوں اور مشترکہ مشقوں کے ذریعے دوطرفہ دفاعی اشتراک کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ان ملاقاتوں کو پاکستان اور برازیل کے درمیان دفاعی روابط کے فروغ، عسکری اداروں کے درمیان تعاون میں اضافے اور بحری و فضائی شعبوں میں پیشہ ورانہ اشتراک کو وسعت دینے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...