شہباز شریف سے پُرتگالی وزیر خارجہ کی ملاقات، دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پرتگال کے وزیر خارجہ پاؤلو رینڈژیل نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور پرتگال کے تعلقات کو سیاسی اور معاشی سطح پر مزید مضبوط بنانے اور دوطرفہ تعاون کے مختلف شعبوں کو وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پرتگال کے وزیر خارجہ 22 سے 23 نومبر تک پاکستان کے سرکاری دورے پر ہیں۔ وزیراعظم نے معزز مہمان کا خیرمقدم کرتے ہوئے خطے میں امن کے فروغ کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہنے اور یورپی یونین کی جی ایس پی پلس سہولت کے تحت پاکستان کی حمایت جاری رکھنے پر پرتگال کا شکریہ ادا کیا۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے سیاسی روابط مضبوط بنانے اور تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیکسٹائل، سیاحت، تعلیم اور ثقافتی تبادلوں کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت کی۔
.jpg)
وزیراعظم نے مشترکہ وزارتی کمیشن (جے ایم سی) قائم کرنے کی پاکستان کی تجویز قبول کرنے پر پرتگال کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کمیشن دونوں ممالک کی مشترکہ ترجیحات کے تعین اور عملی تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے باقاعدہ فورم فراہم کرے گا۔
دونوں رہنماؤں نے پرتگال کے وزیر خارجہ کے دورے کے موقع پر پاکستان پرتگال بزنس فورم کے انعقاد کا بھی خیرمقدم کیا، فورم میں پرتگال کی تقریباً 20 کمپنیوں نے شرکت کی، جہاں دونوں ممالک کے کاروباری نمائندوں کو تجارت، سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں کے مواقع تلاش کرنے کا موقع ملا۔
وزیراعظم نے پرتگالی کمپنیوں کو قابل تجدید توانائی، زراعت، غذائی اشیا کی پراسیسنگ، ٹیکسٹائل، ٹیکنالوجی اور سیاحت کے شعبوں میں پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
— Prime Minister s Office (@PakPMO) November 23, 2026
ملاقات میں زیتون کی کاشت، پراسیسنگ اور جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی سمیت زراعت کے شعبے میں تعاون بڑھانے اور دونوں ممالک کے ٹیکسٹائل اداروں کے درمیان روابط مضبوط بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس کے علاوہ افرادی قوت کی نقل و حرکت، پیشہ ورانہ مہارتوں کی ترقی، تعلیمی تعاون، ثقافتی تبادلوں اور علاقائی و عالمی صورتحال پر بھی بات چیت ہوئی۔
دونوں فریقوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دورے کے دوران طے پانے والے امور پر عملدرآمد اور دونوں ممالک کے لیے ٹھوس نتائج کے حصول کے لیے مل کر کام کیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments