انتخابی اصلاحات کیلئے سپیکر قومی اسمبلی کو کمیٹی بنانے کا اختیار مل گیا:قومی اسمبلی سے تحریک منظور
کمیٹی جدیدٹیکنالوجی کے استعمال،قانون سازی کی سفارشات دیگی،ضرورت پڑنے پر آئینی ترمیم کی سفارش کرسکے گی تمام پارلیمانی جماعتوں کے نمائندے شامل، سپیکر ردوبدل کرسکیں گے ،چیئرمین شپ پیپلزپارٹی کو دینے پر اتفاق:ذرائع
اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے ، نامہ نگار،نمائندہ دنیا) قومی اسمبلی نے انتخابی اصلاحات کمیٹی کے قیام کے لیے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کو اختیار دینے کی تحریک منظور کر لی۔جمعہ کو اسمبلی اجلاس کے آغاز پر وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے تحریک پیش کی کہ سپیکر سردار ایاز صادق، چیئرمین سینیٹ کی مشاورت سے پارلیمانی کمیٹی قائم کریں جو ملک میں صاف، شفاف اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور قانون سازی سے متعلق سفارشات دے سکے ۔کمیٹی میں تمام پارلیمانی جماعتوں کے نمائندے شامل ہوں گے ۔ سپیکر کو پارلیمانی لیڈرز کی نشاندہی پر کمیٹی میں ردوبدل کرنے اور ذیلی کمیٹیاں قائم کرنے کا اختیار بھی حاصل ہوگا۔بنیادی طور پر کمیٹی کا مقصد آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کیلئے انتخابی اصلاحات کی سفارشات تیار کرنا اور انتخابات میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کا جائزہ لینا ہے ۔ قومی اسمبلی نے تحریک کی منظوری دے دی۔ پارلیمانی کمیٹی انتخابی اصلاحات کیلئے ضرورت پڑنے پر آئینی ترامیم اور قانون سازی کے مسودے سے متعلق سفارشات بھی پیش کرے گی۔ کمیٹی کے اجلاس کا کورم کل ارکان کی تعداد کا ایک چوتھائی ہوگا۔ کمیٹی سپیکر کی ہدایت کے مطابق اپنی رپورٹ پارلیمنٹ میں پیش کرے گی۔ ذرائع کے مطابق انتخابی اصلاحات کمیٹی کی چیئرمین شپ پیپلز پارٹی کو دینے پر اتفاق ہوا ہے ۔ اجلاس میں وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی معاونت مصدق ملک نے پاکستان موسمیاتی تبدیلی ترمیمی بل 2026 جبکہ پارلیمانی سیکرٹری رابعہ نسیم فاروقی نے نیشنل بک فاؤنڈیشن ترمیمی بل 2026 ایوان میں پیش کیا۔ اجلاس پیر کی شام پانچ بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments