عوام خود کو محفوظ نہیں سمجھتے تو سسٹم سے اعتبار اٹھ جائیگا : مریم نواز

عوام خود کو محفوظ نہیں سمجھتے تو سسٹم سے اعتبار اٹھ جائیگا : مریم نواز

تعریف سے زیادہ تنقید ہوتی ہے لیکن پروا نہیں ، والد میرے لئے مشعل راہ ہیں:وزیراعلیٰ پنجاب 70فیصد کرائم نیچے آگیا :سندھ کے افسروں سے خطاب، غربت کے خاتمے کیلئے اقدامات کررہے :پیغام

لاہور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے کہاہے کہ اگر عوام خود کومحفوظ نہیں سمجھتے تو سسٹم سے اعتبار اٹھ جائے گا، تعریف سے زیادہ تنقید ہوتی ہے لیکن پروا نہیں کرتی، والد میرے لئے مشعل راہ اورتجربات کا سمندر ہیں،گھر میں ہی بہت سی قابل تقلید مثالیں موجود ہیں ، پنجاب کیلئے میری خدمات کو عالمی سطح پر بھی تسلیم کیا گیا کیونکہ میں نے ہوائی قلعے نہیں بنائے بلکہ مستحقین کے لیے اپنی چھت کے خواب پورے کئے ،مجھے گو رنمنٹ سے زیادہ مشکل پارٹی میں پیش آئی،یہاں پہنچنے کیلئے بہت محنت کرنا پڑی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز وزیراعلٰی ہاؤس میں ملاقات کرنیوالے سندھ کے پروبیشنری افسروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وزیراعلی ٰمریم نوازشریف نے کہاکہ ملک نے ہمیں عزت ، پہچان دی، ہم اس ملک کے احسان مند ہیں، انتظامی سروس کے افسران ہمارے لیے قابل فخر ہیں، روز کی بنیاد پر افسران کے ساتھ مل کر ٹیم کی صورت میں کام کرتے ہیں، وزارت اعلیٰ کا منصب گاڑی میں بیٹھ کر آنے جانے کا نام نہیں، میری ترجیحات صرف اور صرف عوامی خدمت کے کام ہیں،میری اپنی کابینہ میں ایسے وزیر ہیں جو لوگوں کو اپنے دروازے پر بلا کر بھول جاتے ہیں، سرکاری مسند پربیٹھنے والے کو سب سے پہلے اپنی ذات کی نفی کرنا پڑتی ہے، پنجاب کے حکومتی امور نمٹانے میں مجھے کبھی کسی مشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ وزرات اعلیٰ آسان نہیں مشکل کام ہے ،ہر روز ایک نئے چیلنجز کاسامنا کرنا پڑتا ہے ، وزیراعلیٰ کے قلم سے ایک فیصلہ لاکھوں لوگوں کی زندگیوں میں تبدیلی لاسکتا ہے ، ہر ایک کو ذمہ داریوں کا پورا بوجھ اٹھانا ہوگا،فیصلہ کرتے ہوئے رسک لینا پڑتا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ مواقع بار بار نہیں ملتے ،محنت کریں گے تو ہر کام ممکن ہے ،کراچی سے آنے والے صحافیوں نے صفائی،خوبصورتی اورنظم و ضبط کی بہت تعریف کی،کا م کرتے ہیں تو نظر آتے ہیں اورپھر تعریف کے ساتھ ساتھ تنقید بھی ہوتی ہے ۔ مریم نواز نے کہاکہ کبھی کوئی عہدہ نہیں تھا،کونسلر تک نہیں بنی،کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ میں اتنی کامیا ب ہوجاؤں گی،عوام کے مفاد کا معاملہ ہو تو آنکھیں ماتھے پر رکھ لیتی ہوں۔ انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کو شہید محترمہ بے نظیر بھٹو لیڈ کررہی تھیں لیکن مسلم لیگ(ن)میں خواتین کم تھیں،اب پاکستان مسلم لیگ(ن)کے سٹیج پر آدھی خواتین اورآدھے مرد نظر آتے ہیں ،خلاف بات کرنے والوں کی پروا نہیں،پروفیشنل ازم میں ذاتیات کو شامل نہیں کرنا چاہیے ۔

وزیراعلی ٰمریم نوازشریف نے کہاکہ اپنی چھت،اپناگھر کو تیز ترین اورپائیدار لو کاسٹ ہاؤسنگ سکیم ہونے پر مسقط میں یو این ہیبی ٹیٹ سکول آف آنر ایوارڈ ملا،18ماہ میں دو لاکھ سے زائد ہاؤسنگ لون دئیے ،یہ وہ ایک کروڑ نوکریاں اور50لاکھ گھر نہیں جنہوں نے سلیمانی ٹوپی پہن رکھی ہے ،1لاکھ25ہزار گھر مکمل ہوچکے ہیں ،اپنی چھت،اپنا گھر کیلئے لڑ جھگڑ کر 9سا ل کی قسط کرائی،فراڈ کا خطرہ ہوتا ہے ،اپنی چھت اپنا گھرسکیم میں چیک بھی رکھا کیونکہ ذاتی پیسہ نہیں عوام کا پیسہ ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہاکہ پنجاب میں 100سے زیادہ سکیمیں چل رہی ہیں لیکن کسی سکیم میں کوئی نادہندہ نہیں ،پنجاب میں ڈی پی او،ڈی سی او سفارش پر نہیں لگتے ،آئی جی پنجاب کہتے ہیں میرے وہم و گمان میں نہیں کہ مجھے آئی جی بنایا جائے گا،سیاسی پریشر ہوتا ہے لیکن میں سفارش نہیں سنتی،میرٹ پرافسر لگانے کیلئے خود انٹرویو کرتی ہوں ۔

انہوں نے کہاکہ سفارش پرکوئی بندہ نہیں آنے دیا ،دو سال بعد الیکشن میں جائیں گے تو نتائج کاہی پتہ چلے گا،ضرورت مند کو ریاست کا دروازہ نہ کھٹکھٹانا پڑے ، ضرورت مند تک خود نہ پہنچنا ریاست کی ناکامی ہے ۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب میں ہزار کلینک آن وہیل، 32فیلڈ ہسپتال کروڑوں لوگوں کے گھروں تک جارہے ہیں ،لوگوں کے گھروں میں کارڈیک،ہیپاٹائٹس اورانسولین کے دو ماہ کا سٹاک بھجوارہے ہیں ۔اب کوئی پولیس سٹیشن نہیں آسکتا تو ریاست اس کی مدد کیلئے خود پہنچتی ہے ۔ مریم نواز نے کہاکہ پورے پنجاب میں سیف سٹی کیمرے فعال ہیں،جرائم کا چند سیکنڈ میں پتہ چل جاتا ہے ، 700بسیں لوگوں کے گھروں تک پہنچ رہی ہیں ،فیول مہنگا ہونے کا کرائے پر کوئی اثر نہیں، خواتین،طلبا ء اوربزرگ الیکٹروبس پر مفت سفر کرتے ہیں۔نومبر میں ایک لاکھ بچیوں کو آمدورفت میں آسانی کیلئے الیکٹرک سکوٹیاں دے رہے ہیں ۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہاکہ سی سی ڈی کی وجہ سے پنجاب میں 70فیصد کرائم نیچے آگیا ،خواتین اور بچوں کے ساتھ زیادتی کے ملزم کو پکڑنے کیلئے دو گھنٹے کا ٹائم دیتی ہوں،پاکستانی فوج کی جرات اوربہادری کی وجہ سے انڈیا اب منہ چھپاتا پھر رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں پہلے ان دنوں سموگ سموگ ہوتی تھی اب ایک دفعہ بھی سموگ نہیں ہوئی ،ہر بیٹی کو سوچناچاہیے جو کام دوسرے کرسکتے ہیں میں بھی کرسکتی ہوں،پروفیشنلی خود کو بہت زیادہ مضبوط بنائیں۔13،14کروڑ عوام کی ذمہ داری ہے ،ترجیحات کے تعین کی لگژری نہیں،ہرمعاملہ ترجیح ہے ۔ وزیراعلی ٰنے کہاکہ اگر کسی مریض کو علاج کیلئے 3گھنٹے کا سفر کر کے دوسرے شہر جانا پڑے تو یہ ناکامی کے مترادف ہے ،ہر پراجیکٹ کا فالو اپ کر کے مکمل کراتی ہوں،پنجاب پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے ،اس لئے ذمہ داریاں بھی زیادہ ہیں۔

دوسری طرف سندھ کے افسروں نے مریم نواز کو خراج تحسین پیش کرتے کہا ہے کہ پنجاب میں کام نظر آتا ہے ۔سندھ کی خواتین افسروں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کو رول ماڈل قرار دیا ۔ چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے پراجیکٹس بارے میں بریف کیا-وزیر اطلاعات عظمٰی زاہد بخاری نے 15پر لائیو کا ل کرکے میٹنگ کے شرکاء کو پراسس کا مشاہدہ کرایا،سی ٹی پی وفد میں لوکل گورنمنٹ،سند ھ کی صوبائی سروس اوردیگر محکموں کے افسر شامل تھے ۔ وزیراعلٰی مریم نوازشریف نے سی ٹی پی وفدکے شرکاء کے ساتھ گروپ فوٹو بھی بنوائی۔ادھر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے غربت کے خاتمے کے عالمی دن پراپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ پنجاب میں غربت کے خاتمے کیلئے مستقل اور ٹھوس اقدامات کررہے ہیں،نعروں سے نہیں بلکہ ٹھوس معاشی پالیسیوں اور عوامی فلاحی منصوبوں کے ذریعے غریب طبقات کو بااختیار بنایاجارہا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...