بلوچستان : سکیورٹی فورسز کے آپریشنز، فتنہ الہندوستان کے 8 دہشتگرد ہلاک ، خضدار سے 18 مزدور اغوا
کوئٹہ، نوشکی اور خضدار میں انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں کی گئیں ، اسلحہ اور 490کلو دھماکا خیز مواد برآمد، دہشت گردوں کا ٹھکانہ بھی تباہ ، آئی ایس پی آر،صدر،وزیراعظم کاخراج تحسین نال کے علاقہ میں رات گئے دہشت گردوں نے سابق صوبائی وزیر سردار اسلم بزنجو کی ماربل فیکٹری پردھاوا بول دیا،فائرنگ سے ایک مزدور زخمی، 2 گاڑیاں اور ایک لوڈر بھی لے گئے
کوئٹہ، راولپنڈی(سٹاف رپورٹر، اے پی پی) سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے اضلاع کوئٹہ، نوشکی اور خضدار میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر 3 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے ، کارروائیوں کے دوران بھارتی پراکسی ‘‘فتنہ الہندوستان’’سے وابستہ 8 دہشت گرد ہلاک کردیئے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع کوئٹہ کے علاقے پنجپائی میں دہشت گردوں نے مقامی ٹریفک کی روانی متاثر کرنے کے لیے سڑک بند کرنے کی کوشش کی، جسے سکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا، کارروائی میں 5 بھارتی تربیت یافتہ دہشتگرد ہلاک ہوئے ۔نوشکی میں کلیئرنس آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا سراغ لگا کر کارروائی کی، شدید فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد ہلاک کردیئے گئے ، اس دوران اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔خضدار میں ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو بروقت کارروائی کرتے ہوئے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوا۔ کارروائی کے دوران 490 کلو دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ وفاقی ایپکس کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کی منظوری سے ‘‘عزمِ استحکام’’کے وژن کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی۔
ادھر دہشت گردوں نے خضدار سے 18 مزدور اغوا کر لیے ، بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے نال میں گزشتہ شام مسلح افراد نے ایک ماربل فیکٹری پر حملہ کر کے وہاں کام کرنے والے 18 مزدوروں کو اغوا کر لیا، حملے کے دوران ایک مزدور فائرنگ سے زخمی ہوا جبکہ حملہ آور فیکٹری سے دو گاڑیاں اور ایک لوڈر بھی اپنے ساتھ لے گئے ۔ ٹی وی کے مطابق خضدار پولیس کے ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ خضدار شہر سے تقریبا ً 40 کلومیٹر دور بیسار پہاڑی کے قریب پیش آیا جہاں نیشنل پارٹی کے سابق صوبائی وزیر سردار اسلم بزنجو اور ان کے بیٹے شاہ میر بزنجو کی ماربل فیکٹری واقع ہے ۔انکے مطابق ہفتے کی رات درجنوں مسلح افراد گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر سوار ہو کر فیکٹری میں داخل ہوئے اور وہاں موجود مزدوروں کو زبردستی اپنے ساتھ لے گئے ۔ اس دوران ایک مزدور نے فرار ہونے کی کوشش کی تو حملہ آوروں نے اس پر فائرنگ کر دی ، اسے ٹانگ میں گولی لگی۔زخمی مزدور کی شناخت راشد کے نام سے ہوئی ہے ۔ ابتدائی معلومات کے مطابق اغوا ہونے والے مزدوروں کا تعلق خضدار کے مختلف علاقوں سے ہے ۔ اب تک کسی گروہ نے واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔یاد رہے ہفتے کے روز ضلع مستونگ میں مسلح افراد نے ایک مسافر وین سے رخشان ڈویژن سے تعلق رکھنے والے 20 پولیس اہلکاروں کو اغوا کر لیا تھا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے دہشت گردوں کی ہلاکت پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیاہے ۔صدر زرداری نے بلوچستان کے اضلاع کوئٹہ، نوشکی اور خضدار میں تین مختلف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم 8دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے ، ایوان صدر کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر آصف زرداری نے کوئٹہ کے علاقے پنجپائی میں مقامی ٹریفک میں خلل ڈالنے کی کوشش ناکام بنانے اور دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کے غیر ملکی سرپرستوں اور ان کے مقامی سہولت کاروں کی سازشوں کو ناکام بنایا جائے گا۔دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے 8 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کہ عزم استحکام کے ویژن کے تحت سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف نمایاں کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں۔ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments