غیر ملکی امدادی منصوبوں میں بغیر ثبوت پیرا بنانے پر آڈٹ ٹیم اور افسران ذمہ دار
آڈٹ رپورٹس میں غیر جانبدار عنوانات، مستند شواہد ،سابقہ اعتراضات پر عملدرآمد کی تفصیلات شامل کرنا لازمی قرار رپورٹس تیاری کے دوران موقع پر جا کر تصدیق اور نتائج شامل کرنا لازمی ہوگا ،آڈیٹر جنرل کی نئی پالیسی گائیڈ لائنز جاری
اسلام آباد (ایس ایم زمان) آڈیٹر جنرل پاکستان نے غیر ملکی امدادی منصوبوں کے آڈٹ کے حوالے سے نئی پالیسی گائیڈ لائنز جاری کر دی ہیں۔ ہدایات کے مطابق تمام غیر ملکی امدادی منصوبوں کی آڈٹ رپورٹس متعلقہ ڈونر ایجنسیوں کی مخصوص ضروریات اور سابقہ طریقہ کار کے مطابق تیار کی جائیں گی تاہم سالانہ آڈٹ پلان میں شامل منظور شدہ منصوبوں کی رپورٹس مقررہ مدت میں ‘پراجیکٹ رپورٹ ٹیمپلیٹ’ کے مطابق تیار کرنا لازمی ہوگا۔نئی پالیسی کے تحت آڈٹ کے لیے متعلقہ ریکارڈ، دستاویزات اور قابلِ تصدیق شواہد کی موجودگی لازمی قرار دی گئی ہے تاکہ ہر مرحلے پر آڈٹ کی ساکھ برقرار رہے ۔ مینجمنٹ لیٹر میں آڈٹ کے عنوانات غیر جانبدار اور معروضی رکھے جائیں گے ۔ سنسنی خیز عنوانات اور ‘فراڈ’ یا ‘غلط استعمال’ جیسے الفاظ سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ عنوانات میں مالی رقم کا ذکر نہیں ہوگا تاہم اس کی تفصیلات متن میں دی جا سکیں گی۔غیر مصدقہ، بلا ثبوت یا تخمینوں کی بنیاد پر آڈٹ پیرا تیار کرنے کی صورت میں آڈٹ ٹیم، سپروائزری افسر اور ڈائریکٹر جنرل (DG) ذمہ دار ہوں گے۔
آڈٹ رپورٹس میں گزشتہ آڈٹ پیراز پر عمل درآمد (فالو اَپ) کے لیے مخصوص کالم شامل کیا جائے گا جس میں ڈونر ایجنسیوں کے مطابق سابقہ پیراز اور ان پر انتظامی کارروائی کی تفصیلات جدول کی صورت میں درج ہوں گی۔پراجیکٹس کے اثاثہ جات کا جائزہ بھی آڈٹ رپورٹ کا لازمی حصہ ہوگا۔ اس میں اثاثوں کی جسمانی موجودگی، حالت، رجسٹر، دیکھ بھال، محفوظ تحویل، استعمال، مالیت کی تصدیق اور غیر محسوس اثاثوں کی تفصیلات شامل کی جائیں گی۔آڈٹ رپورٹس میں منصوبوں کے ملازمین کی تعداد، سالانہ آڈٹ پلان، سال کے دوران تیار کردہ رپورٹس، سفارشات پر عمل درآمد کی صورتِ حال اور پراجیکٹ مینجمنٹ بورڈ کے سامنے رپورٹس پیش کرنے کی پیش رفت کا احاطہ کرنا بھی ضروری ہوگا۔ رپورٹس کی تیاری کے دوران موقع پر جا کر تصدیق کرنا اور نتائج شامل کرنا لازمی ہوگا۔ڈائریکٹنگ آڈٹ گروپس اور فیلڈ آڈٹ دفاتر کو ان ہدایات پر عمل درآمد کی ہدایت کی گئی ہے ۔ سپیشل سیکٹر آڈٹ ونگ کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ اکنامک افیئرز ڈویژن کو رپورٹس بھجوانے سے قبل تمام نکات اور پالیسی پر عمل درآمد کی جانچ کرے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments