سینیٹ قائمہ کمیٹی:اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیشن ترمیمی بل منظور
ایم ڈی کیٹ امتحانات بے ضابطگیاں ،رپورٹ مسترد ،شفاف تحقیقات کا حکم
اسلام آباد (نیوز رپورٹر)سینیٹ کمیٹی صحت نے اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیشن (ترمیم) بل 2026 کی متفقہ منظوری دے دی ، جبکہ ایم ڈی کیٹ 2026 کے امتحانات میں بے ضابطگیوں سے متعلق رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے وزارتِ صحت کو ایک ہفتے کے اندر نئی اور شفاف تحقیقات کا حکم جاری کیا ہے ۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین عامر ولی الدین چشتی نے کی ، اجلاس میں کہا گیا کہ اگر امتحانی شکایات کا ازالہ نہ کیا گیا تو یہ معاملہ ایف آئی اے (FIA)کے سپرد کر دیا جائے گا۔ کمیٹی نے اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیشن ترمیمی بل کی منظوری کے دوران وزارتِ صحت کی اس تجویز کو رد کر دیا جس میں بلڈ ٹرانسفیوژن کی شقیں شامل کرنے کا کہا گیا تھا۔
ایم ڈی کیٹ 2026 کے امتحانات پر امیدواروں کی تشویش کا جائزہ لیتے ہوئے سینیٹرز نے سوال اٹھایا کہ اتنی سنگین نوعیت کی شکایتوں کی جانچ صرف ایک دن میں کیسے مکمل کر لی گئی؟ کمیٹی نے بیرونِ ملک طبی تعلیم کے خواہشمند طلبہ کے لیے ایم ڈی کیٹ کو لازمی قرار دینے اور بعد میں سینیٹ کمیٹی کے دباؤ پر اس پالیسی کو واپس لینے پر پی ایم ڈی سی سے جواب طلبی کی۔ چیئرمین کمیٹی نے ہدایت کی کہ ایم ڈی کیٹ 2026 کا سوالیہ پرچہ تین دن کے اندر پبلک کیا جائے اور ذیلی کمیٹی کی سفارشات پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے ، جبکہ وزارتِ صحت کو ایک ہفتے میں نئی تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ پیش کرنے کا پابند کیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments