مالدیپ کے صدر 3روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے
ڈاکٹر محمد معیز کا اسلام آباد ائیر پورٹ پر وفاقی وزرا اور اعلیٰ حکام نے استقبال کیا صدر، وزیراعظم سے ملاقاتیں طے وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوں گے
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیز 3 روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے ، وفاقی وزرا اور دیگر اعلیٰ حکام نے ان کا استقبال کیا۔ مالدیپ کے صدر وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کررہے ہیں جس کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ واضح رہے مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو کا دورہ پاکستان 11 سال بعد کسی مالدیپی صدر کا پہلا سرکاری دورہ ہے ، اس سے قبل مالدیپ کے صدر عبداللہ یامین عبدالقیوم نے 6 سے 7 مئی 2015 کو پاکستان کا سرکاری دورہ کیا تھا۔مالدیپ کی خاتون اول ساجدہ محمد بھی صدر کے ہمراہ تھیں جبکہ اعلیٰ سطح وفد بھی پاکستان پہنچ چکاہے ، جس میں وزیرخارجہ سمیت کابینہ کے وزرا سمیت دیگر حکام شامل ہیں۔ دورے کے دوران مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیز کی صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقاتیں طے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف اور مالدیپ کے صدر کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوں گے ۔ مذاکرات میں تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments