پاکستان معاشی استحکام سے نکل کر بحالی کی جانب گامزن، صدر
ملکی معیشت کا حجم 452.1ارب ڈالر تک پہنچ گیا ، آئی ایم ایف وفد سے گفتگو
اسلام آباد (نامہ نگار)صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان جامع اور ماحول دوست ترقی کو یقینی بناتے ہوئے مالیاتی پائیداری، توانائی کے شعبے میں اصلاحات، نجکاری اور سماجی تحفظ کے لئے پُرعزم ہے ۔ پاکستان معاشی استحکام کے مرحلے سے نکل کر بحالی کی جانب بڑھ چکا ہے ، مالی سال 2026ء میں ملکی معیشت کا حجم 452.1 ارب ڈالر تک پہنچ گیا جبکہ حقیقی مجموعی ملکی پیداوار (جی ڈی پی) کی شرحِ نمو مالی سال 2025ء میں 3.2 فیصد کے مقابلے میں بڑھ کر 3.7 فیصد ہوگئی۔
صدرِ مملکت نے ان خیالات کا اظہار ایوانِ صدر میں آئی ایم ایف کے مشرقِ وسطیٰ اور وسطی ایشیا کے شعبے کے ڈائریکٹر جہاد ازعورسے ملاقات کے دوران کیا۔ آئی ایم ایف وفد میں پاکستان کے لئے آئی ایم ایف کی مشن چیف ایوا پیٹرووا اور پاکستان میں آئی ایم ایف کے ریزیڈنٹ نمائندے (کنٹری ہیڈ) ماہر بنیکی بھی شامل تھے ۔ جہاد ازعورنے جاری اصلاحاتی پروگرام کے تحت آئی ایم ایف کے ساتھ پاکستان کے مسلسل تعاون کو سراہا۔ انہوں نے میکرو اکنامک استحکام کو مضبوط بنانے ، مالیاتی نظم و ضبط برقرار رکھنے اور پائیدار معاشی ترقی کے فروغ کے لئے اصلاحاتی کوششوں کو جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments