حوثیوں کے حملے اور نئی جنگ:سعودی عرب اور خلیجی ممالک سے امریکی سفارتی عملے کا انخلا

حوثیوں  کے  حملے  اور نئی  جنگ:سعودی  عرب  اور  خلیجی  ممالک  سے  امریکی  سفارتی  عملے  کا  انخلا

خطے میں دوبارہ جنگ چھڑنے کا خدشہ :امریکی عہدیدار، آبنائے ہرمز میں بحری جہاز پر حملہ، آگ بھڑک اٹھی،ایران کے صوبہ ہرمزگان میں متعدد دھماکوں کی آوازیں مشرقی علاقے ، مدینہ ریجن میں حوثیوں کے بھیجے 6ڈرونز مارگرائے :سعودی فوجی اتحاد، شیبہ آئل فیلڈ پر حملے میں دو افرادجاں بحق ،زخمیوں میں ایک پاکستانی شامل

ریاض،تہران (اے ایف پی، رائٹرز )واشنگٹن نے سعودی عرب میں امریکی سفارت خانے کے تمام اہلکاروں اور ان کے اہل خانہ کوانخلاکا حکم دے دیا ہے ۔ ایک سفارتی ذریعے نے بدھ کو اے ایف پی کو بتایا کہ یہ فیصلہ یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب پر مسلسل حملوں کے تناظر میں کیا گیا ہے ۔ذریعے نے بتایا کہ سعودی عرب کے علاوہ متحدہ عرب امارات، اردن، قطر اور بحرین میں امریکی سفارت خانوں کے اہلکاروں کے اہل خانہ کو بھی ملک چھوڑنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ تاہم، ان چار ممالک میں تعینات تمام امریکی سفارتی اہلکاروں کی واپسی کے حکم کی تصدیق نہیں کی گئی۔ رائٹرز کے مطابق تین امریکی عہدیداروں نے بدھ کو بتایا کہ یہ اقدام خطے میں دوبارہ جنگ چھڑنے کے خدشے کے پیش نظر کیا جا رہا ہے ۔دو امریکی عہدیداروں کے مطابق، اس خدشے کی ایک بڑی وجہ یمن میں ایران کے حمایت یافتہ حوثی گروپ کی جانب سے دوبارہ حملوں کا امکان ہے ۔ سعودی عرب کی قیادت میں یمن کے حوثی باغیوں کے خلاف سرگرم اتحاد نے بدھ کو دعویٰ کیا ہے کہ مملکت کی جانب آنے والے 6 ڈرونز کو روک کر تباہ کر دیا گیا۔ اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی کے مطابق6ڈرونز مشرقی علاقے اور مدینہ ریجن میں مار گرائے گئے ۔ ترجمان نے ڈرون حملوں کے ذمہ داروں کی نشاندہی نہیں کی۔ سعودی عرب کی شیبہ آئل فیلڈ پر حملے میں دو افراد جاں بحق ہوگئے ۔

سعودی وزارتِ توانائی حکام کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب فضائی دفاعی نظام نے آرامکو کی آئل فیلڈ میں تنصیب کو نشانہ بنانے کی کوشش کرنے والے ڈرون کو روکا۔حملے میں ایک پاکستانی سمیت دو افراد زخمی بھی ہوئے ۔حوثی باغیوں نے بدھ کو جنوبی شہر المکلا کے ہوائی اڈے پر قائم فوجی اڈے کو میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا۔یہ ہوائی اڈہ سعودی حمایت یافتہ یمنی حکومت کے زیر کنٹرول ہے ۔ ایک فوجی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ حوثیوں نے الریان ایئرپورٹ پر فوجی تنصیب کو نشانہ بنایا۔ حوثی فوجی ترجمان یحیی سریع نے بدھ کو جنوبی شہر عدن میں سعودی فوجی تنصیب کو بیلسٹک میزائل سے نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے ۔ یحیی سریع کے مطابق حملے میں بدر کیمپ میں قائم سعودی افواج کے آپریشن روم کو نشانہ بنایا گیا۔ ایران کے سرکاری میڈیا نے بدھ کو آبنائے ہرمز کے قریب واقع جنوبی صوبے ہرمزگان میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنے جانے کی اطلاع دی ہے ۔ سرکاری خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق صوبے کے علاقے سیریک کے کرپان میں چند منٹ قبل کئی دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مقامی ذرائع نے تاحال دھماکوں کی نوعیت یا وجہ کے بارے میں کوئی تفصیلات فراہم نہیں کیں۔ عمان کے ساحل کے قریب آبنائے ہرمز میں ایک بحری جہاز نامعلوم چیز کی زد میں آ گیا جس کے نتیجے میں جہاز میں آگ لگ گئی۔ برطانوی میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کے مطابق آئل ٹینکر عمانی قصبے بخا سے تقریباً 20 کلومیٹر دور نشانہ بنا جس کے بعد اسے لنگر انداز کر دیا گیا۔جہاز کا تمام عملہ محفوظ ہے اور تاحال سمندر میں آلودگی کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...