حکومت ،جماعت اسلامی مذاکرات ،پٹرولیم لیوی پر 3رکنی کمیٹی قائم:ملک بھر میں احتجاج 150مقامات پر دھرنے
کمیٹی بلال کیانی، نصراللہ رندھاوا، فراست شاہ پر مشتمل،وزیر اعظم اور امیر جماعت کی ملاقات آئندہ ہفتے ہونی چاہئے ،لیاقت بلوچ پٹرولیم لیوی ختم نہیں کرنی تو وزیراعظم سے ملاقات کا شوق نہیں،ہمارا مارچ روکنا کسی کے بس کی بات نہیں ،حافظ نعیم ،گفتگو
اسلام آباد،لاہور(اپنے رپورٹرسے ،سیاسی نمائندہ،نیوز ایجنسیاں )پٹرولیم لیوی پر حکومت اور جماعت اسلامی کے مذاکرات میں ایک 3رکنی تکنیکی کمیٹی کے قیام پر اتفاق کیا گیا ہے ،مذاکرات پنجاب ہائوس اسلام آباد میں ہوئے ،کمیٹی میں حکومت کی طرف سے بلال اظہر کیانی، جماعت اسلامی کے نصراللہ رندھاوا اور سید فراست شاہ شامل ہیں، کمیٹی دو سے تین روز میں بیٹھ کر معاملات پر غور کرے گی ، مذاکرات میں حکومت کی نمائندگی وفاقی وزرا احسن اقبال، علی پرویز ملک، رانا ثناء اللہ اور وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے کی جبکہ جماعت اسلامی کی طرف سے نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ ، سید فراست شاہ، انجینئر نصراللہ رندھاوا، ضیاالدین انصاری ، عنایت اللہ خان شریک ہوئے ، ،مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکومت پٹرولیم لیوی کے نام پر عوام کے ساتھ ظلم بند کرے ، ہم مذاکرات بھی کریں گے اور احتجاج کا راستہ بھی نہیں چھوڑیں گے ، عوام کو ریلیف دلانے کی تحریک جاری ہے ، انہوں نے کہا کہ اس وقت پٹرول کی اصل قیمت 242 روپے 66 پیسے اور ڈیزل کی 246 روپے 80 پیسے ہے ، حکومت پٹرول پر ٹیکسز کی مد میں 162 روپے فی لٹر اور ڈیزل پر 148 روپے وصول کر رہی ہے ، انہوں نے کہا کہ آئندہ ایک ہفتے میں وزیراعظم اور حافظ نعیم الرحمن کی ملاقات ہو جانی چاہیے ،یہ ملاقات محض فوٹوسیشن کے لیے نہیں ہونی چاہیے ،دریں اثنا امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی ہدایت پر پٹرولیم لیوی، ظالمانہ ٹیکسوں، مہنگائی کے خلاف لاہور سمیت ملک بھر میں 150 مقامات پر احتجاجی دھرنے د ئیے گئے ،مظاہروں کے دوران نوجوانوں نے شدید نعرے بازی بھی کی۔ لاہور پریس کلب کے باہر دھرنے کی قیادت امیر جماعت اسلامی لاہور خالد احمد بٹ و دیگر نے کی۔
کراچی (سٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پٹرولیم لیوی بھتہ ٹیکس کے خلاف تحریک کے تیسرے مرحلے کا آغاز ہو گیا ہے ، پٹرولیم لیوی بھتہ ختم نہیں کرنا تو وزیراعظم سے ملاقات کا کوئی شوق نہیں ، اسلام آباد لانگ مارچ کی تیاری کررہے ہیں ،ہمارے مارچ کو روکنا کسی کے بس کی بات نہیں ہوگی ، میڈیا سے گفتگو اور شیخ سعدی ماڈل سکول کی تزئین و آرائش کے بعد افتتاح پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہ ٹیکس ختم کردیا جائے تو پٹرول کی قیمت میں 100 روپے سے زائد کمی ہوسکتی ہے ، ملک میں تقریباً ڈھائی کروڑ افراد موٹر سائیکل استعمال کرتے ہیں، حکومتی ریلیف پیکیج اونٹ کے منہ میں زیرے کے مترادف ہے ، عوام بدترین مہنگائی کے عذاب میں مبتلا ہیں، لیکن بدقسمتی سے کوئی سیاسی جماعت اس سنگین مسئلے پر مؤثر آواز اٹھاتی نظر نہیں آتی،مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم عوامی مسائل حل کرنے میں ناکام ہیں، مزید کہا کہ ہمارے منتخب بلدیاتی نمائندے وعدے عملی طور پر پورا کر رہے ہیں، سکولوں کی تعمیر نو، پارکوں کی بحالی، سڑکوں کی استرکاری اور دیگر ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے لیکن پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت فنڈ دینے کے بجائے رکاوٹیں پیدا کر رہی ہے ، حکومت خودسیاسی بنیادوں پر بھرتیاں کرتی ہے ، لیکن کراچی کے نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر تیار نہیں ہے ، پیپلز پارٹی کراچی سے وسائل تو لیتی ہے لیکن شہر کو اس کا جائز حق نہیں دیتی ۔حافظ نعیم نے کہاکہ کراچی میں 10 کلو آٹے کا تھیلا 2 ہزار روپے میں فروخت ہو رہا ہے ، انہوں نے کہا سندھ حکومت ایک ایسا سرکاری سکول بتائے جہاں بلاول بھٹو زرداری اپنے خاندان کے کسی فرد کو تعلیم دلانے کے لیے تیار ہوں یا ایسا سرکاری ہسپتال بتائیں جہاں وہ اپنا علاج کرانا پسند کریں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments