ضمانت کیلئے لڑکی اور جج کو پیسے دینے کے الزامات سامنے آئے:مریم نواز
ملزم کے امیر خاندان نے متاثرہ لڑکی کوریپ کاالزام واپس لینے کیلئے ڈیڑھ سے 2کروڑ روپے کی پیشکش کی جج کو رشوت دینے کے الزامات اگر درست ہیں تو انصاف کے نظام پر تشویشناک سوالات اٹھتے ہیں:ٹویٹ
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے انکشاف کیا کہ ریپ کے ایک حالیہ مقدمے میں انکشاف ہوا کہ ملزم کے امیر خاندان نے مبینہ طور پر متاثرہ لڑکی کو الزامات واپس لینے کے بدلے ڈیڑھ سے 2 کروڑ روپے دینے کی پیشکش کی۔ مریم نواز نے ایکس (X)پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ریپ کے ایک حالیہ مقدمے میں انکشاف ہوا کہ ملزم کے امیر خاندان نے مبینہ طور پر متاثرہ لڑکی کو الزامات واپس لینے کے بدلے ڈیڑھ سے 2 کروڑ روپے دینے کی پیشکش کی، حالانکہ اس کا بیان پہلے ہی ضابطہ فوجداری کی دفعہ 164 کے تحت ریکارڈ کیا جا چکا تھا۔مریم نواز نے کہا کہ یہ الزام بھی سامنے آیا کہ ملزم کو ضمانت دینے والے جج کو بھی رشوت دی گئی تھی، اگر یہ الزامات درست ہیں تو یہ انصاف کے نظام کی شفافیت اور دیانت داری پر انتہائی تشویشناک سوالات اٹھاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ بھی واضح ہوتا ہے کہ ریپ کا شکار ہونے والی خواتین کس طرح مالی دباؤ اور بااثر لوگوں کے اختیارات کے ناجائز استعمال کا نشانہ بن سکتی ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ میں ایسے مقدمات پر گہری نظر رکھنا جاری رکھوں گی تاکہ کوئی بھی ریپسٹ یا مجرم محض دولت، اثر و رسوخ یا تعلقات کی بنیاد پر قانون کی گرفت سے بچ نہ سکے ، انصاف کبھی فروخت نہیں ہونا چاہیے اور قانون سے بالاتر کوئی بھی نہیں ہونا چاہیے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments