غیر ملکی خاتون سے زیادتی :ملزم کی ایک اور مقدمہ میں پیشی

غیر ملکی خاتون سے زیادتی :ملزم کی ایک اور مقدمہ میں پیشی

عدالت نے احمد تنویر سمیت2ملزموں کو شناخت پریڈ کیلئے جیل بھجوا دیا پولیس کامتاثرہ لڑکی (ڈ)کے ویڈیو بیان کے باوجود تفتیش جاری رکھنے کا فیصلہ

لاہور(کورٹ رپورٹر،آئی این پی )غیر ملکی خاتون سے زیادتی کیس کے نامزد ملزم احمد تنویر کوایک شہری کے اغوا اور تشدد کے الزام میں درج مقدمہ میں ماڈل ٹاؤن کچہری پیش کر دیا گیا ، جہاں عدالت نے ملزم کی شناخت پریڈ کے حوالے سے دائر درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا اوراحمد تنویر سمیت 2 ملزموں کو شناخت پریڈ کیلئے جیل بھجوا دیا۔ تفصیلات کے مطابق پولیس نے غیر ملکی خاتون سے مبینہ زیادتی کے مقدمے میں نامزد ملزم احمد تنویر کو شہری کے اغوا اور تشدد کے مقدمہ میں گزشتہ روز ماڈل ٹاؤن کچہری لاہورمیں پیش کیا۔جوڈیشل مجسٹریٹ احمد سعید صائم کی عدالت میں پولیس نے احمد تنویر اور احتشام کی شناخت پریڈ کیلئے دونوں کو جیل بھجوانے کی استدعا کی، فاضل جج نے استدعا منظور کرتے ہوئے دونوں ملزموں کو شناخت پریڈ کیلئے جیل بھجوانے کا حکم دے دیا۔عدالتی فیصلے کے مطابق شناخت پریڈ کے دوران ملزمان کی کسی سے ملاقات نہیں کروائی جائے گی جبکہ جیل میں ان کی حفاظتی حراست یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ۔دریں اثناء احمد تنویر کے خلاف درج نئے مقدمے کی تفصیلات کے مطابق تھانہ اچھرہ میں احمد تنویر کو اغوا کے مقدمہ میں نامزد کیا گیا ہے ،مبینہ متاثرہ شہری شعیب بٹ کے بیان پر اغوا کا مقدمہ 23 اکتوبر کو 3 نامعلوم افراد کے خلاف درج ہوا ،شہری شعیب کے مطابق اس کی موٹر سائیکل کو گاڑی نے ٹکر ماری اور پھر مجھے تشدد کا نشانہ بنایا گیا،بعدازاں ملزم مجھے اغوا کر کے نامعلوم مقام پر لے گئے ۔ ایف آئی آر کے مطابق اغوا اور شہری پر تشدد کا واقعہ 18 اکتوبر کو پیش آیا تھا۔ دوسری طرف پولیس نے متاثرہ آذر بائیجان کی لڑکی (ڈ)کے حالیہ ویڈیو بیان کے باوجود احمد تنویر کے خلاف تفتیش جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔پولیس کے مطابق متاثرہ لڑکی کا ویڈیو بیان مجسٹریٹ کے سامنے دفعہ 164 کے تحت ریکارڈ کرائے گئے بیان کا متبادل نہیں ہوسکتا،وہ اپنے عدالتی بیان میں احمد تنویر کو ملزم نامزد کرچکی ، جسے تفتیش میں اہمیت حاصل ہے ، حالیہ ویڈیو بیان کے باوجود کیس کی تفتیش جاری رہے گی ۔ 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...