اسحاق ڈار کا ازبکستان ، مالدیپ کے وزرائے خارجہ سے رابطہ

 اسحاق ڈار کا ازبکستان ، مالدیپ کے وزرائے خارجہ سے رابطہ

شنگھائی تعاون تنظیم کے معاملات، علاقائی صورتحال سمیت دیگر امورپر تبادلہ خیال وزرائے خارجہ کا دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ،باہمی تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ

اسلام آباد ( وقائع نگار ، مانیٹرنگ ڈیسک) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے ازبکستان کے وزیر خارجہ بختیار سعیدوف ، مالدیپ کی وزیر خارجہ اریتھشام آدم سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے اورشنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او)کے معاملات، علاقائی صورتحال  اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا ہے ، ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے ازبک وزیر خارجہ بختیار سعیدوف سے گفتگو کے دوران ازبکستان کو 2026-27 کیلئے ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف گورنمنٹ کی چیئرپرسن شپ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور پاکستان کی جانب سے مکمل حمایت اور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے کی مجموعی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا جبکہ ازبک وزیر خارجہ بختیار سعیدوف نے علاقائی امن و سلامتی کے فروغ کیلئے پاکستان کی مسلسل کوششوں کو سراہا۔ ٹیلیفونک گفتگو کے اختتام پر دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔علاوہ ازیں ٹیلیفونک گفتگو کے دوران مالدیپ کی وزیر خارجہ اریتھشام آدم نے مالدیپ کے صدر اور ان کے وفد کے حالیہ دورہ اسلام آباد کے موقع پر پاکستان کی جانب سے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک نے دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے اور قریبی روابط برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔ گفتگو میں دولت مشترکہ کے سربراہانِ حکومت کے آئندہ اجلاس کے ایجنڈے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...