کیا مولانا اب ریاست میں رہنے کے قابل ہیں ؟کنڈی
شہدا سے متعلق بات کرتے ہیں تو انکے نام پر آپ نے زمینیں کیوں حاصل کیں جب خوشاب اور کراچی میں ڈی سی تعینات ہوئے تو اس وقت انصاف کہاں تھا؟ بھائی پی ٹی سی ایل، افغان ریفیوجی کمشنر بنے اور دوسروں کے حق پر ڈاکا ڈالا:گفتگو
پشاور، اسلام آباد (آئی این پی ،آن لائن )گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان کے حالیہ ریاست مخالف بیانیے پر ان پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک دوسرے کے خلاف سیاسی بیانات کا سلسلہ چلتا رہتا ہے ، مگر مولانا ریاست کے خلاف جو باتیں کر رہے ہیں، کیا اس کے بعد وہ ریاست میں رہنے کے قابل ہیں؟۔ایک انٹرویو میں گورنر کے پی نے کہا کہ مولانا دوسروں کو انصاف اور برابری کا درس دیتے ہیں، لیکن جب خوشاب اور کراچی میں ڈی سی تعینات ہوئے تو اس وقت انصاف کہاں تھا۔ ان کے بھائی پی ٹی سی ایل، افغان ریفیوجی کمشنر بنے اور دوسروں کے حق پر ڈاکا ڈالا۔اگر مولانا خود زمینوں پر قبضہ اور قبضہ مافیا بنیں گے تو لوگوں کو کیا درس دیں گے ؟ کیا وہ لوگوں کو یہ درس دیں گے کہ وہ بھی دوسروں کی زمینوں پر قبضہ کریں؟ شہدا سے متعلق بات کرتے ہیں تو ان کے نام پر آپ لوگوں نے بھی زمینیں حاصل کیں۔
آپ لوگوں کا کیا حق بنتا ہے کہ شہدا کے نام پر زمینیں حاصل کریں؟ مولانا کو چاہیے پہلے خود کو صاف شفاف کریں اور پھر دوسروں کے بارے میں بات کریں۔انہوں نے کہا کہ سہیل آفریدی کی کرپشن کے معاملے کو متعلقہ محکمہ دیکھ رہا ہے ۔ جب تک بڑے مگرمچھوں کو سزا نہیں ہوگی تب تک کوئی آپ پر اعتماد نہیں کرے گا۔دریں اثنا گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ طبی کانفرنسز علم و تحقیق کے فروغ، طبی تجربات کے تبادلے اور جدید طریقہ علاج سے آگاہی کا اہم ذریعہ ہیں۔پختونخوا کے ضم شدہ اضلاع، جنوبی اضلاع اور دور دراز علاقوں میں معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ضروری ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ایسوسی ایشن آف یورولوجیکل سرجنز کی سالانہ کانفرنس کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی حکومت خیبرپختونخوا کو کچھ نہیں دے رہی، اب یہ سلسلہ بند ہونا چاہیے ۔ پی ٹی آئی حکومت نے صوبے میں کوئی نیا ہسپتال تعمیر نہیں کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments