پنجاب میں بلدیاتی الیکشن ہونگے، خیبر پختونخوا میں نہیں : الیکشن کمیشن

پنجاب میں بلدیاتی الیکشن ہونگے، خیبر پختونخوا میں نہیں : الیکشن کمیشن

انتظامات مکمل،دسمبر ، جنوری میں دھند کے باعث دشواری ہو سکتی ،تاریخ 20 جنوری 2027 کے بعد رکھی جائے :چیف سیکرٹری پنجاب کی استدعا منظور ،7 فروری کو پہلے مرحلے کی پولنگ کا حکم آرٹیکل 140-A کی معطلی کے بعد پختونخوا کے تمام اضلاع میں انتخابات کراناممکن نہیں ، چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان کی زیر صدارت اجلاس، وفاقی حکومت کے آرڈر نمبر 3 کے جائزہ کے بعد فیصلہ

اسلام آباد (نیوز رپورٹر،دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب میں مرحلہ وار بلدیاتی انتخابات کرانے کے احکامات جاری کرتے ہوئے پہلا مرحلہ 7 فروری2027 کو کرانے کی ہدایت کر دی جبکہ خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کا عمل تا حکمِ ثانی روک دیا ۔تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمیشن سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق کیس کی سماعت کی جس میں چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری بلدیات اور صوبائی وزیرِ بلدیات ذیشان رفیق ذاتی حیثیت میں پیش ہوئے ۔ سماعت کے دوران چیف سیکرٹری نے الیکشن کمیشن کو آگاہ کیا کہ صوبائی حکومت پنجاب میں انتخابات کے انعقاد کے لیے مکمل طور پر تیار ہے ،تمام ضروری انتظامی انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں ، انتخابات کی راہ میں کوئی انتظامی رکاوٹ ہے نہ انتخابی شیڈول کے اعلان پر کوئی اعتراض ہے۔ 

چیف سیکرٹری نے استدعا کی کہ دسمبر اور جنوری کے مہینوں میں شدید دھند کے باعث ٹرانسپورٹیشن اور انتخابی سرگرمیوں میں دشواری کا سامنا ہو سکتا ہے اس لئے انتخابات کی تاریخ 20 جنوری 2027 کے بعد رکھی جائے ۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ حکومتِ پنجاب پولنگ اسٹیشنز کیلئے سکولوں کی عمارتوں کی دستیابی اور ٹرانسپورٹیشن سمیت تمام سہولیات فراہم کرے گی اور بہتر ہے انتخابات مرحلہ وار منعقد کئے جائیں۔ الیکشن کمیشن نے آئین کے آرٹیکل 140-اے ، 219(ڈی)، 218(3)اور الیکشن ایکٹ 2017 کے تحت حاصل اختیارات کو مدنظر رکھتے چیف سیکرٹری پنجاب کی درخواست کو منظور کر لیا۔ الیکشن کمیشن نے فیصلہ کیا کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کیلئے پولنگ کی تاریخ 7 فروری 2027 ہوگی ، متعلقہ دفتر کو اس حوالے سے فوری احکامات پر عملدرآمد کی ہدایت کر دی گئی۔

دوسری طرف چیف الیکشن کمشنرپاکستان سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اجلاس میں وفاقی حکومت کی جانب سے 2 روز قبل 4 نومبر 2026 کو جاری کردہ آرڈر نمبر 3 زیرِ بحث لایا گیا ، آرڈر نمبر 3 کی شق نمبر 2 کے تحت آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 140-A کو معطل کیا گیا اور اس کا اطلاق پچھلے آرڈر کے تحت مخصوص (Designated)اضلاع کے علاوہ دیگر تمام اضلاع پر بھی کردیا گیا ۔ الیکشن کمیشن کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ آئین کا آرٹیکل 140-A صوبوں میں مقامی حکومتوں کے قیام سے متعلق ہے ،آرٹیکل 140-A کی ذیلی شق (2)کے تحت مقامی حکومتوں کے انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے ۔

الیکشن کمیشن نے مذکورہ آرٹیکل کی باقی اضلاع میں بھی معطلی کے تناظر میں انتخابی عمل پر ممکنہ اثرات کا تفصیلی جائزہ لیا اور غور و خوض کے بعد فیصلہ کیا کہ مذکورہ حکم نامے کے باعث پختونخوا کے باقی اضلاع میں بھی بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں رہا لہٰذا ان انتخابات کے انعقاد کے سلسلے میں اب تک کے تمام اقدامات کو تا حکمِ ثانی روک دیا جائے ،اب یہ معطلی چند مخصوص اضلاع کے بجائے پورے خیبر پختونخوا صوبے پر نافذ العمل ہو چکی ہے ۔ یاد رہے الیکشن کمیشن نے پختونخوا میں سوائے اُن اضلاع کے جہاں گورنر رول اور ایمرجنسی کے بعد آئین کے آرٹیکل A-140 کو معطل کردیا تھا بلدیاتی الیکشن کروانے کا فیصلہ کیا تھا اور متعدد اقدامات بھی شروع کردئیے تھے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...