مریم نواز کی ڈپٹی کمشنرز کو ہسپتالوں کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے 3 دن کی مہلت

مریم نواز کی ڈپٹی کمشنرز کو ہسپتالوں کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے 3 دن کی مہلت

بیوٹیفکیشن سکیموں میں تساہل پربرہم، 8ڈی سیز کوبہترین کارکردگی پر شاباش ، پنجاب کو انکروچمنٹ فری بنانیکا حکم انتظامیہ کی لاپرواہی سے میری ساکھ پر حرف آتا ، ڈپٹی کمشنرز طلبہ کو ڈویلپمنٹ سکیموں کے بارے میں بتائیں :وزیراعلیٰ

لاہور(سٹاف رپورٹر، دنیا نیوز )وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنرز کی کارکردگی سے متعلق خصوصی اجلاس ہوا جس میں پنجاب پرفارمنس مینجمنٹ یونٹ کے سربراہ معاون خصوصی شعیب مرزا نے ہر ضلع سے متعلق کے پی آئی رپورٹ پیش کی۔ وزیراعلیٰ نے مری،گوجرانوالہ، اٹک، بہاولپور، چکوال، جہلم، لیہ اورساہیوال کو بہترین کارکردگی پر شاباش دی اور بعض اضلاع میں بیوٹیفکیشن پلان کی تکمیل اور معیار میں تساہل برتنے پربرہمی کا اظہار کیا۔ تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہسپتالوں کی صورتحال میں بہتری کیلئے تین دن کی مہلت دی اورڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو روزانہ ہسپتالوں کے دوروں کی ہدایت کی۔ فصلوں کی باقیات جلانے پر 100 فیصد کنٹرول کا حکم دیا۔اوکاڑہ اور دیگر اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو فصلوں کی باقیات جلانے کے واقعات پر کنٹرول نہ کرنے پر وارننگ دی گئی۔ بیوٹیفکیشن سکیموں میں پائیداری اور معیار پر خصوصی توجہ دینے کا حکم دیا اور ہر بیوٹیفکیشن سکیم میں فواروں سمیت دیگر واٹر فیچرز شامل کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں گورننس اور روڈ مینٹی ننس کے لئے خصوصی سکواڈ قائم کرنے کی ہدایت کی گئی اوربتایا گیا کہ سکواڈ 12گھنٹے کے اندر اندر انسپکشن اور مسائل کے حل کیلئے فوری اقدامات کرے گا۔ وزیراعلیٰ نے سٹریٹ لائٹس 100 فیصد فنکشنل اور مین ہول 100 فیصدکور کرنے کی ہدایت کی اور زبیرا کراسنگ اور سکول سیفٹی کیلئے ضروری اقدامات کا حکم دیا۔ اسسٹنٹ کمشنرز کو واٹر فلٹریشن پلانٹ ٹھیک کروانے کیلئے فوری اقدامات کا کہا اور جنرل بس ٹرمینلز اورگرین بس شیڈز کی تعمیر ومرمت اور صفائی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔اجلاس میں اوپن پلاٹ پر کوڑا کرکٹ ڈالنے پر مالکان کوپہلے وارننگ، دوسری بار بھاری جرمانہ اور تیسرے مرحلے میں ایف آئی آر کا اندارج کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب کو انکروچمنٹ فری بنانے کا حکم دیا اور تجاوزات کیلئے مشترکہ آپریشن،وال چاکنگ، کٹے پھٹے بینر اور چھوٹے چھوٹے اشتہارات بھی دیواروں سے اتارنے کی ہدایت کی۔

ہسپتالوں کی ڈیپ کلینگ اور روڈ واشنگ روزانہ کرانے کا حکم دیا اور صوبہ بھر میں آوارہ کتوں پر قابو پانے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ لین مارکنگ،عمارتوں پر پینٹ اور صاف ستھری سڑک دیکھ کر اچھے شہر کا تاثر ابھرتا ہے ۔ ڈپٹی کمشنرز اور انتظامیہ کی لاپرواہی سے میری ساکھ پر حرف آتا ہے ۔ ڈپٹی کمشنرز یونیورسٹی اور کالجز میں جاکر طلبہ کو ڈویلپمنٹ پراجیکٹ اور سکیموں کے بارے میں بتائیں۔ہر ڈی سی اپنے ضلع کی معاشی ترقی کیلئے ڈسٹرکٹ اکنامک پلان تیار کرے ۔ اس موقع پر شیخوپورہ مین بازار، اکبر بازار، ہمایوں بازار، چھوٹا اڈا بازار اور صفدرہ آباد بازار اور شرقپور اور مریدکے بیوٹیفکیشن پراجیکٹ پر رپورٹ پیش کی گئی۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنرگوجرانوالہ کو شاندار بیوٹیفکیشن پراجیکٹ پر شاباش دی اور ایمن آباد، کامونکی اور نوشہرہ ورکاں کے پراجیکٹ کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ننکانہ صاحب میں چار بیوٹیفکیشن پلان نومبر تک مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔اجلاس میں راولپنڈی کے پانچ بیوٹیفکیشن پراجیکٹ کا جائزہ لیا گیا اورڈی سی راولپنڈی کو گرین بیلٹس پر توجہ دینے کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ نے ڈپٹی کمشنر گجرات کو نئی سکیمیں پراجیکٹ میں شامل کرنے کی ہدایت کی۔ رحیم یارخان کے بیوٹیفکیشن پراجیکٹ میں سکیمیں اوریجنل سے مختلف ہونے پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے فوڈ سٹریٹ اور فوڈ کارٹ بہتر افراد اور کمپنیوں کو دینے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں ای بز، کتے کے کاٹنے کے واقعات، ستھراپنجاب، ہسپتال، سکول اور دیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے بہتر کارکردگی پر شاباش اور بد ترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر وارننگ دی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...