لاہور ہائیکورٹ :چیک کی بنیاد پررقم وصولی کا دعویٰ مسترد
لاہور(کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عاصم حفیظ نے چیک کی بنیاد پررقم کی وصولی کا دعویٰ مسترد کردیا، عدالت نے نظامی فیڈز کی اپیل مسترد کرتے ہوئے ماتحت عدالت کا فیصلہ برقرار رکھا جبکہ دوسرے فریق کا ہرجانے کا دعویٰ ناکافی شواہد کی بنیاد پر مسترد کر دیا۔
عدالت نے قرار دیا کہ اگر کسی چیک پرسکیورٹی چیک درج ہو تو صرف چیک پیش کرنے سے رقم وصول کرنے کا حق ثابت نہیں ہوتا بلکہ دعویٰ کرنے والے کو پہلے یہ ثابت کرنا ہوگا کہ متعلقہ رقم واقعی واجب الادا ہے ، فیصلے کے مطابق متنازع چیک کی پشت پر سکیورٹی چیک درج تھا جبکہ بینک افسر نے بھی عدالت میں تصدیق کی کہ چیک بطور سکیورٹی جاری کیا گیا تھا، اس لیے اسے غیر مشروط ادائیگی کا چیک قرار نہیں دیا جا سکتا۔عدالت نے قرار دیا کہ 39 لاکھ 50 ہزار روپے کے دعوے کے حق میں پیش کردہ شواہد ناکافی تھے ۔ درخواست گزار نے حساب کتاب کی صرف نقول پیش کیں، اصل کھاتے عدالت پیش نہیں کئے گئے اور نہ ہی نقول پیش کرنے کیلئے عدالت سے اجازت حاصل کی گئی ۔عدالت نے چیک کی بنیاد پررقم کی وصولی کا دعویٰ مسترد کردیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments