جولائی تا ستمبر:2ہزار973ارب کا پرائمری بیلنس سرپلس10ارب اضافی پٹرولیم لیوی وصول

جولائی  تا  ستمبر:2ہزار973ارب  کا پرائمری  بیلنس  سرپلس10ارب اضافی  پٹرولیم  لیوی  وصول

رواں مالی سال پہلی سہ ماہی میں پرائمری بیلنس بلحاظ جی ڈی پی 2.7فیصد رہا، سود پر 1ہزار 700ارب خرچ کاربن لیوی کی مد میں 22ارب، ای وی ایڈاپشن لیوی کی مد میں 9ارب جمع ،پنشنز پر263ارب کے اخراجات دفاع پر 495ارب ، سبسڈیز پر84ارب روپے صرف ، عوام سے پٹرولیم لیوی کی مد میں381ارب جمع ہوئے

اسلام آباد(مدثرعلی رانا)رواں مالی سال جولائی سے ستمبر کے دوران 2 ہزار 973 ارب روپے پرائمری بیلنس سرپلس ریکارڈ کیا گیا ،پرائمری بیلنس بلحاظ جی ڈی پی 2.7 فیصد ریکارڈ ہوا ، قرضوں کیلئے سود کی ادائیگیوں پر 1 ہزار 7 سو ارب، دفاع پر 495 ارب خرچ کیے گئے ، حکومتی آمدن 6 ہزار 3 ارب اور اخراجات 4 ہزار 370 ارب روپے رہے ، پہلی سہ ماہی کے دوران مرکزی بینک نے 1 ہزار 932 ارب روپے منافع کمایا ، کاربن لیوی کی مد میں 22 ارب، ای وی ایڈاپشن لیوی کی مد میں 9 ارب جمع کیے گئے ، جولائی تا ستمبر پنشنز کی مد میں 263 ارب روپے کے اخراجات رہے ۔ وزارت خزانہ کی دستاویز کے مطابق سول حکومتی اخراجات 206 ارب روپے اور سبسڈیز کی مد میں 84 ارب روپے خرچ کیے گئے جبکہ گزشتہ مالی سال کی نسبت عوام سے 10 ارب روپے بطور اضافی پٹرولیم لیوی اور پٹرولیم لیوی کی مد میں 381 ارب روپے اکٹھے کیے گئے ، گزشتہ مالی سال اسی عرصے کے دوران 371 ارب روپے اکٹھے ہوئے تھے ۔ پہلی سہ ماہی کی مالیاتی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ٹیکس آمدن کی مد میں 3 ہزار 387 ارب روپے اور نان ٹیکس آمدن کی مد میں 2 ہزار 616 ارب روپے وصول ہوئے ، اسی طرح حکومتی اخراجات 4 ہزار 730 ارب روپے رہے جس کے بعد تقریباً 1 ہزار 273 ارب روپے کا بجٹ سرپلس رہا۔ اسی طرح قرضوں پر سود کی ادا ئیگیوں اور باقی اخراجات کو بجٹ سے نکال کر تقریبا 2ً ہزار 973 ارب روپے کا پرائمری بیلنس ریکارڈ کیا گیا۔ جولائی سے ستمبر کے دوران 1 ہزار 273 ارب روپے کا قرض بھی حاصل کیا گیا ،ڈائریکٹ ٹیکس کی مد میں 1 ہزار 439 ارب روپے جبکہ ان ڈائریکٹ ٹیکسز میں کسٹمز ڈیوٹی کی مد میں 312 ارب روپے ، سیلز ٹیکس کی مد میں 1 ہزار 136 ارب روپے اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں 197 ارب روپے حاصل ہوئے ، نان ٹیکس آمدن میں مرکزی بینک کا منافع 1 ہزار 932 ارب روپے ، پی ٹی اے منافع 24 ارب 50 کروڑ روپے ، پاسپورٹ فیس 11 ارب روپے ، آئل اینڈ گیس کی رائلٹیز پر 39 ارب روپے ، 8 ارب روپے کی ونڈفال لیوی، نیچرل گیس ڈویلپمنٹ سرچارج 16 ارب روپے اور پٹرولیم لیوی 381 ارب روپے اکٹھی ہوئی ۔

قرضوں پر سود ادائیگیوں میں 1 ہزار 493 ارب روپے ، مقامی قرضوں پر سود ادائیگیوں اور 206 ارب روپے بیرونی قرضوں پر سود ادائیگیوں کیلئے استعمال کیے گئے ۔ وفاق اور صوبوں نے ترقیاتی منصوبوں پر 467 ارب روپے خرچ کیے جس میں وفاق نے 75 ارب روپے اور صوبوں نے 392 ارب روپے خرچ کیے ۔ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران صوبوں سے وفاق کو آرٹیکل 164 کے تحت ساڑھے 57 ارب روپے منتقل کیے گئے ۔ 2026-27 کے بجٹ سے پہلے وفاق اور چاروں صوبوں میں یہ طے ہوا تھا کہ صوبے اپنے این ایف سی حصے سے 1 ہزار ارب روپے سے زائد وفاق کو گرانٹ کی صورت میں دیں گے تاکہ وفاق آئی ایم ایف پروگرام کی مالی ذمہ داریاں پوری کر سکے ۔ این ایف سی ایوارڈ کے تحت صوبوں کو 1 ہزار 895 ارب روپے ملے ، جولائی تا ستمبر وفاق سے این ایف سی ایوارڈ کے تحت صوبہ پنجاب کو 942 ارب روپے منتقل کیے گئے جبکہ پنجاب کی مجموعی آمدن 1 ہزار 117 ارب روپے اور اخراجات 784 ارب روپے رہے ، پنجاب نے 333 ارب روپے کا سرپلس دیا، این ایف سی ایوارڈ کے تحت صوبہ سندھ کو 479 ارب روپے منتقل کیے گئے جبکہ سندھ کی مجموعی آمدن 690 ارب روپے اور اخراجات 509 ارب روپے رہے ،سندھ نے 180 ارب روپے کا سرپلس دیا۔ اسی طرح این ایف سی ایوارڈ کے تحت صوبہ خیبرپختونخوا کو 314 ارب روپے منتقل کیے گئے جبکہ کے پی کی مجموعی آمدن 413 ارب روپے اور اخراجات 311 ارب روپے رہے ۔ کے پی کے نے 102 ارب روپے کا سرپلس دیا ،پہلی سہ ماہی میں این ایف سی ایوارڈ کے تحت صوبہ بلوچستان کو 158 ارب روپے منتقل کیے گئے جبکہ بلوچستان کی مجموعی آمدن 175 ارب روپے اور اخراجات 191 ارب روپے رہے ، بلوچستان کا بجٹ بیلنس 16 ارب روپے خسارہ رہا ، پہلی سہ ماہی کے دوران بیرونی ذرائع سے 58 ارب روپے پراجیکٹ کیلئے مالی معاونت اور 909 ارب روپے قرض پروگرام کے طور پر ملے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...