فٹ بال ہیروز کی دنیا
پاک فضائیہ کو انٹرسروسز جتوانے والے کوچ ارشد جان
کسرتی بدن اور خوبصورت آنکھوں کے مالک محمد ارشد جان کا گھرانہ فٹبال کھیل سے تعلق رکھتا ہے۔ ان کے تایا فقیر حسین پاک فضائیہ کے سابق کوچ ، چچا عبدالشکور اور بڑے بھائی عبدالرحمان کا شمار پاکستان کے نامور کھلاڑیوں میں ہوتا ہے ۔ پاک فضائیہ نے پہلی اور آخری مرتبہ قومی چیمپئن شپ 1986میں پی آئی اے کو فائنل میں زیر کرکے جیتی تھی۔ پاک فضائیہ کی جانب سے جو تین گول اسکور کئے گئے وہ تینوں گول چچا بھتیجے نے بنائے تھے۔ دو گول عبدالشکور اورایک عبدالرحمان نے اسکور کیا جبکہ اس تاریخی ٹیم کے کپتان ارشد جان کے کزن نجیب اللہ نجمی تھے جو بعد ازاں پاک فضائیہ کے کوچ اور پاکستان کے اسسٹنٹ کوچ بھی رہے۔ ارشد جان ان دنوں پاک فضائیہ کے کوچ ہیں اوران کی کوچنگ میں پاک فضائیہ نے 22سال بعد انٹرسروسز فٹبال جیتنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ ارشد جان 10 اکتوبر 1976 کو پشاور کینٹ میں پیدا ہوئے۔ پشاور کے نیو نیشنل سے جب ارشد نے کلب فٹبال کا آغاز کیا تو ونگر اور سینٹر فاورڈ کھیلا کرتا تھااور یہی پوزیشن اس نے پشاور واپڈا اور پاک فضائیہ میں اپنائی لیکن قومی ٹیم میں انہیں مڈ فیلڈ پوزیشن پر کھلایا گیا۔ ارشد جان 1994 میں 29 ویں یوتھ چیمپئن شپ کھیلنے دبئی گئے۔ 46ویں قومی چیمپئن شپ ساہیوال 1996میں پاک فضائیہ کو دوسری مرتبہ قومی چیمپئن شپ جیتنے کا موقع ملا تھا جب پری کوارٹرفائنل میں حبیب بینک کو ارشد کے گولڈن گول کی وجہ سے شکست ہوئی اورکوارٹر فائنل میں بھی کے پی ٹی کیخلاف ارشد ہی کا گول فیصلہ کن ثابت ہوا تھا۔ سیمی فائنل میںالائیڈ بینک کیخلاف 2-2کی برابری بعدازاں ٹائی بریکر پر بھی ارشد نے گول بنائے لیکن پاک فضائیہ فائنل میں نہ پہنچ سکی۔ 1996میں پہلی بار ارشد کو قومی ٹیم کا حصہ بنایا گیا۔1997میں سیف چیمپئن شپ، 1998 میں ورلڈ کپ کوالیفائر، 1999میں سیف چیمپئن شپ، اسی سال 8ویں سیف گیمز کیلئے ارشد نے قومی ٹیم کی نمائندگی کی۔ 30ستمبر کو پاکستان نے بھوٹان کو 2-1سے شکست دے کر پہلی کامیابی حاصل کی۔ 2001میں ورلڈ کپ کوالیفائر میں انہوں نے سری لنکا کے خلاف گول بنایا۔ ارشد جان کے پسندیدہ فٹبالر قاضی اشفاق ہیں اورکے ایم سی اسٹیڈیم ان کا پسندیدہ گرائونڈ ہے۔ وہ طارق لطفی، محمد ادریس، نجیب اﷲ نجمی و دیگر غیر ملکی کوچز سے تربیت حاصل کرچکے ہیں۔ فٹبال سے ریٹائرمنٹ لینے کے بعد ان دنوں پاک فضائیہ کے کوچ کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں نبھارہے ہیں۔