فٹ بال ہیروز کی دنیا

فٹ بال ہیروز کی دنیا

قومی فٹبال تاریخ کے عظیم گول کیپر جعفر خان

Advertisement
0 seconds of 0 secondsVolume 0%
Press shift question mark to access a list of keyboard shortcuts
00:00
00:00
00:00
 

کراچی (امتیاز نارنجا) پاکستان کی فٹبال تاریخ عظیم گول کیپرز سے بھری پڑی ہے۔ پاکستان کے پہلے گول کیپر و کپتان عثمان جان، اسمیٰعل درانی، ماسٹر صدیق، نیاز گل، استاد شموں، آغا لطیف، محمد یونس، جمشید رانا، متین اختر، عبدالطیف و دیگر نے گول کیپنگ کے شعبے کو عزت و افتخار بخشا لیکن جو شہرت اور نام جعفر خان نے بنایا اس نے انہیں پاکستان کا نمبر ون گول کیپر بنادیا۔ وہ 20 مارچ 1981کو ڈیرہ اسمٰعیل خان کی تحصیل پنیالہ میں پیدا ہوئے۔ فٹبال کھیل کا شوق بچپن ہی سے تھا۔ 16سال کی عمر میں خیبر کلب پنیالہ سے باقاعدہ کلب فٹبال کا آغاز کیا اور جلد ہی اپنی عمدہ کارکردگی کی بدولت ٹیم میں اپنی پوزیشن مستحکم کرلی۔ اس کارکردگی نے انہیں پاکستان آرمی میں پہنچا دیا جب 1998میں 41 ایف ایف یونٹ سے جعفر خان نے پروفیشنل فٹبال کی ابتداء کی۔ 1999میں پاکستان آرمی کی جانب سے پہلی مرتبہ چمن میں پی ایف ایف کپ کھیلا۔ پاکستان آرمی گو کوارٹرفائنل مرحلے سے آگے نہ جاسکی لیکن جعفر خان کے غیر معمولی کھیل نے انہیں سری لنکا میں ایشین کپ انڈر16یوتھ چمپئن شپ کوالیفائنگ راؤنڈ کیلئے منتخب کروا دیا ۔ جعفر خان نے سری لنکا میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کیا اور پہلی بار پاکستان یوتھ ٹیم نے بھارت کو دو، صفر اور میزبان سری لنکا کو ایک، صفر سے شکست دے کر فائنل راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کیا۔ 2000 میں ایران میں فائنل راؤنڈ میں یو اے ای کو جعفر خان کی عمدہ کارکردگی کی بدولت دو، ایک سے ہرا کر ہلچل مچا دی۔ جعفر خان کو مین آف دی میچ قراردیا گیا۔ جعفر خان مارچ 2001 میں سفاری سیریز کیلئے انگلینڈ گئے۔ مئی 2001 میں سترہ ویں عالمی کپ کوالیفائنگ راؤنڈ میں قومی ٹیم کی نمائندگی کیلئے بیروت اور بینکاک کا دورہ کیا۔ مارچ 2002 میں ہنڈائی کلب کوریا نے پاکستان کا دورہ کیا تو جعفر خان ایک بار پھر قومی ٹیم کے نمبر ون گول کیپر تھے۔ پاکستان یہ سیریز ایک، صفر سے جیتا تھا۔ اسی ماہ پاکستان ٹیم ایک دوستانہ میچوں کی سیریز کھیلنے سری لنکا گئی جہاں اسے کوئی کامیابی حاصل نہ ہوسکی۔ اپریل 2002 میں بحیثیت میزبان اے ایف سی انڈر 20 کوالیفائنگ راؤنڈ کراچی میں کھیلا جس میں مالدیپ کو چار، صفر اور سری لنکا کو دو، ایک سے قابو کیا جب کہ بنگلہ دیش سے مقابلہ 2-2 گول سے برابر رہا۔ گول اوسط پر بنگلہ دیش فائنل راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کرگیا۔ ستمبر، اکتوبر 2002 میں 14ویں ایشین گیمز کیلئے جعفر خان ٹیم کے ہمراہ کوریا گئے۔ قومی ٹیم شمالی کوریا، کویت اور ہانگ کانگ سے ہاری اور بغیر کوئی گول کئے واپس آئی۔ جنوری2003 میں ساف کپ کھیلنے بنگلہ دیش گئے جہاں طارق لطفی کی کوچنگ میں ابتدائی تین میچوں میں بھارت، سری لنکا اور افغانستان کو شکست دے کر حیران کردیا۔ بعد ازاں سیمی فائنل میں مالدیپ سے ایک، صفر اور تیسری پوزیشن کے میچ میں بھارت سے دو، ایک سے اسے شکست ہوگئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں