انگلینڈ کے کرکٹ گرائونڈز کی پاک بھارت ٹیسٹ میچز کی میزبانی میں دلچسپی

انگلینڈ  کے  کرکٹ  گرائونڈز  کی  پاک  بھارت  ٹیسٹ  میچز  کی  میزبانی میں  دلچسپی

لندن(سپورٹس ڈیسک )انگلینڈ میں لارڈز، اوول اور ایجبسٹن سمیت کئی کرکٹ گراؤنڈز نے پاکستان اوربھارت کے درمیان دو طرفہ ٹیسٹ کرکٹ کی میزبانی کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے ۔

وزڈن ویب سائٹ کے مطابق پاکستان اوربھارت نے آخری بار 2007-2008 میں ایک دوسرے کے خلاف ہوم اوے ٹیسٹ میچ کھیلا تھا، اور آخری بار ایک دوسرے کے خلاف 2012-2013 میں وائٹ بال کے میچز کھیلے تھے جب پاکستان نے ون ڈے اور ٹی20 سیریز کیلئے بھارت کا دورہ کیا تھا۔دونوں ممالک اس وقت صرف ایشیا کپ اور عالمی ٹورنامنٹس میں ایک دوسرے کے خلاف کھیلتے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان سیاسی تناؤ کے باعث بھارتی حکومت فی الحال پاکستان کے خلاف دو طرفہ میچز کی منظوری نہیں دے رہی۔گزشتہ دنوں بھارتی کرکٹر روہیت شرما نے آپس میں ٹیسٹ میچز کھیلنے کی خواہش کا اظہار کیاتھا اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ایک روز قبل ایسی تجویزآنے پر غور کرنے کا کہاتھاجس کے بعد کئی برطانوی کرکٹ گراؤنڈز نے پاکستان اور بھارت کے ٹیسٹ میچز کی میزبانی میں دلچسپی ظاہر کی ہے ۔ لارڈز، کاؤنٹی سرے اور واروکشائر، اوول اور ایجبسٹن کے نمائندوں نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ وہ میزبانی کر سکتے ہیں۔ سرے کے چیف ایگزیکٹیو سٹیو ایلورتھی اور واروکشائر کے چیف ایگزیکٹیو سٹیورٹ کین دونوں نے کہا کہ وہ اپنے اپنے گراؤنڈز پر پاکستان اوربھارت کی میزبانی کی حمایت کریں گے ۔انگلینڈ نے پچھلے کچھ سالوں میں کئی غیرجانبدار ٹیسٹوں کی میزبانی کی ہے جن میں 2021 اور 2023 کے دونوں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل شامل ہیں، لارڈز 2025 میں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کی بھی میزبانی کرے گا۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں